لاہور، (یواین آئی )آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں پاکستانی ٹیم کی مایوس کن کارکردگی اور ایونٹ سے جلد باہر ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے سخت تادیبی کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، ناقص کھیل پیش کرنے والے کھلاڑیوں کو بھاری مالی جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ میں انفرادی کارکردگی کی بنیاد پر کھلاڑیوں پر 50، 50 لاکھ روپے تک کا جرمانہ عائد کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔بورڈ ان کھلاڑیوں کی فہرست تیار کر رہا ہے جن کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی، جبکہ تسلی بخش کھیل پیش کرنے والے کھلاڑیوں کو اس کارروائی سے مستثنیٰ قرار دیا جا سکتا ہے۔حکام نے کھلاڑیوں پر واضح کر دیا کہ لاڈ پیار بہت ہو چکا اب پرفارم کیا تب ہی مالی فوائد حاصل ہوں گے، جب اچھی کارکردگی پر پلیئرز انعام پاتے ہیں تو ناقص کھیل پر جرمانہ بھی بھرنا چاہیے، درحقیقت ہندوستان سے میچ ہارنے کے بعد ہی ٹیم کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا تھا۔ کسی بھی حتمی فیصلے سے قبل پی سی بی کے قانونی ماہرین کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ اور دیگر پیچیدگیوں کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ مستقبل میں کسی قانونی تنازع سے بچا جا سکے۔تفصیلات کے مطابق ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان ٹیم نیدرلینڈز سے ابتدائی مقابلے میں شکست سے بال بال بچی، پھر امریکہ کو بھی ہرا دیا، سری لنکن کنڈیشنز سے واقفیت اور معیاری اسپن بولرز کی موجودگی میں اس بار ہندوستان کے خلاف بہتر کھیل کی توقع تھی لیکن ناکامی ہی ہاتھ آئی۔ اس کے بعد نمیبیا کو زیر کرکے سپر8 میں تو جگہ بنا لی مگر نیوزی لینڈ سے مقابلہ بارش کی نذر ہوگیا، پھر انگلینڈ کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے سیمی فائنل میں رسائی اگر مگر کی محتاج ہوگئی۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ مایوس کن کارکردگی کا احتساب ناگزیر ہے۔ ہم مشاورت کر رہے ہیں کہ کس طرح کھلاڑیوں کو ان کی ذمہ داریوں کا احساس دلایا جائے، تاہم حتمی فیصلہ قانونی رائے کے بعد ہی کیا جائے گا۔












