لکھنؤ:(یواین آئی) اترپردیش کو گرین اسٹیٹ میں تبدیل کرنے کی کوششوں کے تحت وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت والی حکومت نے گزشتہ نوبرسوں میں 242 کروڑ سے زائد پودے لگائے ہیں، جس کے نتیجے میں ریاست کے جنگلاتی رقبے میں 559.19 مربع کلومیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال 9 جولائی کو ایک ہی دن میں ریکارڈ 37.21 کروڑ پودے لگائے گئے تھے۔ اتوار کو وارانسی کے سوجاآباد دومری علاقے میں منعقدہ میگا پلانٹیشن ڈرائیو کے دوران کاشی کے باشندوں نے صرف ایک گھنٹے میں 2,51,446 پودے لگا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ گنیزورلڈ ریکارڈز کے جج رشی ناتھ نے میئر اشوک کمار تیواری اور میونسپل کمشنر ہمانشو ناگپال کو سرٹیفکیٹ پیش کیا۔ اس سے قبل 10 مارچ 2018 کو چین کی ہینان صوبائی کمیٹی اور ہینان شیفانگ گریننگ انجینئرنگ کمپنی نے 1,53,981 پودے لگا کر عالمی ریکارڈ بنایا تھا۔ حکومت نے 2026 میں دوبارہ 35 کروڑ سے زائد پودے لگانے کی تیاری بھی شروع کر دی ہے۔ 2017 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد وزیر اعلیٰ نے ریاست میں شجرکاری کو ذاتی ترجیح بنایا۔ عالمی یوم ماحولیات (5 جون) ہو یا مانسون شجرکاری مہم، وہ خود اس کی قیادت کرتے رہے ہیں۔ ہر مہم سے قبل وہ جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہیں اور مختلف اضلاع میں خود پودے بھی لگاتے ہیں۔ مسلسل کوششوں کے باعث نو برسوں میں 242 کروڑ سے زائد پودے لگائے گئے ہیں۔












