بہارشریف (ایم ایم عالم)نالندہ ضلع کے ایکنگرسرائے تھانہ علاقے میں پولیس کی فوری کارروائی سے ایک بڑا واقعہ ٹل گیا۔فائرنگ کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چار افراد کو غیر قانونی اسلحہ،گولہ بارود اور گاڑیوں سمیت گرفتار کر لیا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق 4 مارچ 2026 کی رات تقریباً 9:45 بجے امرکھاس پنچایت کے سربراہ کے نمائندے ودیاانند پرساد نے ایکنگرسرائے تھانہ کو اطلاع دی کہ پرانے تنازعہ کی سبب کچھ باہری لوگ ان کے گھر کے قریب فائرنگ کر رہے ہیں۔اطلاع کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے تھانہ صدر اکھلیش کمار جھا نے فوری طور پر ایک گشتی ٹیم کو جائے وقوعہ پر روانہ کیا۔پہنچنے پر پولیس ٹیم نے کارروائی کی اور غیر قانونی آتشیں اسلحہ اور گولہ بارود کے ساتھ جرم کی کوشش کرنے والے دو افراد کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد میں دیناناتھ یادو (43) اور چندن یادو (38) شامل ہیں،جو پٹنہ ضلع کے سلیم پور تھانہ علاقے کے علی پور گاؤں کے رہائشی ہیں۔پولیس کی پوچھ گچھ اور ان کے اعترافی بیانات کی بنیاد پر دو دیگر ملزمین،سنتوش کمار (38 سال) ساکن بھدروڈیہ، تھانہ نگرنوسہ اور اجیت کمار (19 سال)، ساکن سیراپر،تھانہ چنڈی،ضلع نالندہ کو بھی اسکارپیو اور ایک پک اپ گاڑی کے ساتھ گرفتار کیا گیا۔پولیس نے گرفتار ملزمان سے ایک بھاری بھرکم دیسی ساختہ پستول،315 بور کے کارتوس کے 12 زندہ راؤنڈ،4 موبائل فون،ایک اسکارپیو اور ایک پک اپ گاڑی برآمد کر لی۔اس سلسلے میں ایکنگر سرائے تھانہ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے اور تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم دینا ناتھ یادیو کے خلاف قتل اور اسلحہ ایکٹ سے متعلق سابقہ مقدمہ درج ہے جبکہ دوسرے ملزم کی مجرمانہ تاریخ کی تفتیش کی جارہی ہے۔چھاپہ ماری ٹیم میں ایکنگر سرائے کےسرکل انسپکٹر امریندر کمار،تھانہ صدر اکھلیش کمار جھا کے علاوہ پولس فورس کے اہلکار اس آپریشن میں شامل تھے۔پولیس کی بروقت کارروائی کے باعث علاقے میں ممکنہ بڑا واقعہ ٹل گیا۔












