لکھنؤ، (یواین آئی)اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کو 50 کوئک رسپانس ٹیم (کیو آر ٹی) گاڑیوں کو ہری جھنڈی دکھا کرروانہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں پہلی بارامن و امان بھی انتخابی مسئلہ بن سکتا ہے اور یہ اتر پردیش میں آئی بڑی تبدیلی کا نتیجہ ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آزادی کے بعد پہلی مرتبہ ایسا ہوا کہ کوئی حکومت پانچ سالہ مدت مکمل کرنے کے بعد دوبارہ اقتدار میں آئی۔ ان کے مطابق 2017 سے 2022 کے درمیان اترپردیش پولیس کی مؤثر کارکردگی نے ایک وقت میں فسادات اور کرفیو سے متاثرریاست کی شبیہ کو بدل کر محفوظ اتر پردیش کے طور پر قائم کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کی پہلی شرط سکیورٹی ہے۔ اگر فرد محفوظ نہیں ہوگا تو اس کی سرمایہ اور خاندان بھی محفوظ نہیں رہ سکتے۔ اترپردیش پولیس نے اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے ریاست میں سکیورٹی کا ماحول قائم کیا ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے بتایا کہ 2017 میں اتر پردیش پولیس کے پاس پی آر وی کے تقریباً 9500 گاڑیاں تھیں جو اب بڑھ کر 15,500 سے زیادہ ہو گئی ہیں۔ اسی طرح 2017 میں پولیس کے پاس تقریباً 3000 دو پہیہ گاڑیاں تھیں جن کی تعداد اب 9200 سے تجاوز کر چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف تعداد میں اضافہ نہیں بلکہ اس سے پولیس کے رسپانس ٹائم کو کم کرنے میں بڑی کامیابی ملی ہے۔












