نئی دہلی، (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ آپدا سرکار کی وجہ سے دہلی کی ترقی رک گئی تھی، لیکن پچھلے ایک سال میں دہلی میں ہر جگہ ترقی ہو رہی ہے اور لوگ اس سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔اتوار کو یہاں براڑی میں منعقدہ ایک تقریب میں 33,500 کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے بعد مسٹر مودی نے کہا کہ اب یہ واضح ہو رہا ہے کہ دہلی نے ایک سال پہلے جس آپدا سے نجات حاصل کی وہ کتنی ضروری تھی۔ اگر آپدا سرکار نہ ہوتی تو میٹرو کا چوتھا مرحلہ پہلے مکمل ہو چکا ہوتا۔ بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد دہلی میں ترقی کی رفتار تیز ہوئی ہے۔ دہلی میں ہر روز لاکھوں لوگ بسوں میں سفر کرتے ہیں، اس لیے لوگوں کو صاف اور آرام دہ بس سروس ملی ہے۔ چار ہزار سے زیادہ بسیں دہلی کی خدمت کررہی ہیں جس میں ای وی بسیں بھی شامل ہیں۔ تقریباً دس سال تک آپدا حکومت نے ترقیاتی کام روکے رکھے تھے لیکن اب ترقی تیزی سے جاری ہے۔ بی جے پی حکومت جمنا کی صفائی کے لیے بھی بڑے پیمانے پر کام کر رہی ہے۔ دہلی میں پہلے جو آپدا حکومت تھی اسے لوگوں کی پریشانی سے کوئی فرق نہیں پڑتا تھا۔ آپدا حکومت نے کبھی غریبوں کی پرواہ نہیں کی لیکن ریکھا گپتا کی قیادت میں صورت حال کو مسلسل بہتر کیا جارہا ہے۔ پچھلے ایک سال میں بڑی تعداد میں آیوشمان آروگیہ مندر بنائے گئے ہیں جس سے لوگوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ دہلی میں ترقی کا ماڈل ہے۔ کام شروع بہانے بند ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ میٹرو کی توسیع سے لے کر ہزاروں ملازمین کے لیے سہولیات کی مسلسل توسیع ہورہی ہے۔ دہلی میں جس امید کے ساتھ بی جے پی کی حکومت بنی تھی اس کے نتائج ترقیاتی کاموں میں واضح ہیں۔ آج کی تقریب ایک اور وجہ سے بھی خاص ہے وہ ہے خواتین کا عالمی دن۔ سیاست، انتظامیہ، سائنس، کھیل یا سماجی خدمت میں، ہندوستان کی ناری شکتی ایک نئی توانائی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔مسٹر مودی نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی شخص ہندوستان کی بڑی جمہوریت کے بارے میں سوچتا ہے تو دہلی کی تصویر آتی ہے۔ دہلی کی ترقی صرف ایک شہر کی ترقی نہیں ہوتی بلکہ پورے ملک کی تصویر سے جڑی ہوتی ہے۔ دہلی جتنی جدید ہوگی، ہندوستان کا اعتماد دنیا کے سامنے اتنا ہی مضبوطی سے دکھائی دے گا۔ آج دہلی سہولیات کے معاملے میں ترقی کر رہی ہے۔ ایک وقت تھا جب دہلی کا ناقص انفراسٹرکچر بحث کا موضوع تھا۔ دہلی کے ایک حصے سے دوسرے حصے میں جانے میں گھنٹوں لگتے تھے لیکن اب ترقی تیزی سے ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے بڑے بڑے شہروں میں اتنا بڑا نیٹ ورک نہیں، جتنا کہ دہلی میں ہے۔ میٹرو نیٹ ورک کی توسیع سے لوگوں کی آمدورفت آسان ہو جائے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ آج ملک میں جہاں بھی بی جے پی کی حکومت ہے وہاں لوگوں کو کسی نہ کسی اسکیم کا فائدہ ضرور مل رہا ہے۔ بی جے پی حکومت سماج کے تمام طبقات کے لیے کچھ نہ کچھ ضرور کر رہی ہے۔ بی جے پی حکومت نے ریہڑی پٹری والوں کے درد کو سمجھ کر ان کو بینکنگ سے جوڑا اور ان کا آسان قرض مل رہ ہے۔ دہلی میں ڈیبٹ کارڈ پہلے صرف امیروں کے لیے دستیاب ہوتے تھے، لیکن اب ریہڑی پٹری والوں کے پاس کریڈٹ کارڈ ہے۔












