تہران، (یو این آئی) ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری علی لاریجانی نے سخت انتباہ دیا ہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای پر حملے کے معاملے میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو اس کی قیمت ضرور چکانی پڑے گی۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہونے والے لاریجانی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام میں کہا کہ وہ اپنے رہنما کی موت کا بدلہ ضرور لیں گے۔انہوں نے لکھا۔ ہم ٹرمپ کو نہیں چھوڑیں گے۔اُن کا کہنا تھا کہ خامنہ ای کی موت کی قیمت ٹرمپ کو چکانی ہوگی۔ حملوں میں ہمارے رہنما سمیت کئی لوگ شہید ہوئے، یہ کوئی معمولی واقعہ نہیں ہے۔ ہم اس کا مناسب جواب دیں گے۔رپورٹس کے مطابق لاریجانی نے ایک اور پیغام میں دعویٰ کیا کہ جنگ کے دوران کئی امریکی فوجیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، انہیں جیلوں میں رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ یہ کہہ کر گمراہ کن بیان دے رہے ہیں کہ ایرانی حملوں میں صرف چھ امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں جبکہ حقیقت میں ہلاکتوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے۔علی لاریجانی نے کہا کہ بعد میں مختلف حادثات اور فرضی واقعات دکھا کر ہلاکتوں کی تعداد بڑھائی جا سکتی ہے۔ موجودہ صورتحال پر مقامی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے لاریجانی نے کہا کہ ایران کی جانب سے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے اس موقع پر وینزوئیلا کے صدر نکولس مادورو کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ امریکی افواج انہیں قیدی بنا کر لے گئی ہیں۔ان کے مطابق امریکہ نے وینزویلا کی طرح ایران میں بھی جلد جنگ ختم کرنے کی کوشش کی تھی، مگر یہ منصوبہ ناکام ہو گیا۔












