نئی دہلی، (یواین آئی ) اولمپین منو بھاکر نے ڈاکٹر کرنی سنگھ شوٹنگ رینج میں جاری نیشنل سلیکشن ٹرائلز (T3) کے 10 میٹر ایئر پسٹل ویمن کیٹیگری میں اپنی برتری ثابت کر دی۔ انہوں نے فائنل میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ ٹرائل-2 کی فاتح سینئم دوسرے اور ایشا سنگھ تیسرے نمبر پر رہیں۔منو بھاکر نے فائنل میں آخری کوالیفائر کے طور پر جگہ بنائی تھی، لیکن کھیل کے آغاز سے ہی انہوں نے اپنے حریفوں پر دباؤ برقرار رکھا۔ دوسری سیریز کے بعد منو نے جو برتری حاصل کی اسے آخر تک برقرار رکھا اور 246.1 کے مجموعی اسکور کے ساتھ ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ ورلڈ کپ فائنل کی سلور میڈلسٹ سینئم 241.9 کے اسکور کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔ایشین چیمپئن شپ کی گولڈ میڈلسٹ ایشا سنگھ نے 220.6 کا اسکور کیا اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔












