ناظم بیگ
بلند شہر ،سماج نیوز سروس: کمشنر، فوڈ اینڈ لاجسٹک ڈپارٹمنٹ اتر پردیش کی طرف سے دی گئی ہدایات کی تعمیل کرتے ہوئے ضلع میں ایل پی جی گیس سلنڈر اور ڈیزل؍پٹرول کی وافر مقدار میں دستیابی، آسانی سے تقسیم اور صارفین کے مسائل کے فوری حل کو یقینی بنانے کے لیے پٹرول پمپ ہولڈروں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی گئی ۔جس میں تمام پٹرول پمپ مالکان اور گیس ڈسٹری بیوشن کے افسران نے شرکت کی ۔ میٹنگ میں بتایا گیاکہ ضلع میں کل 649975 گھریلو اور 385106 اجولا یوجنا گیس کنکشن یعنی کل 1035081کنکشن موجود ہیں ۔ سیلز افسران نے بتایا کہ اس وقت ضلع میں گھریلو گیس کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ گیس ڈسٹری بیوٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صارفین کی معلومات کے لیے اپنی ایجنسیوں پر فلیکس کے ذریعے روزانہ اسٹاک کی پوزیشن، گیس کمپنی کے افسروں اور ایجنسی آپریٹرز کے موبائل نمبر وغیرہ کو ڈسپلے کریں۔ انہیں صارفین کی سہولت کے لیے ایجنسیو ں پر ہیلپ ڈیسک قائم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔گیس کنکشن رکھنے والے ضرورت پڑنے پر اپنے گیس کنکشن کے ساتھ رجسٹرڈ موبائل نمبر کے ذریعے گیس بک کر سکتے ہیں۔ ایل پی جی گیس کی بکنگ کی کم از کم حد 25 دن مقرر کی گئی ہے، جس کے بعد گیس ڈسٹری بیوٹر کی جانب سے او ٹی پی پر مبنی ہوم ڈیلیوری کو یقینی بنایا جائے گا۔ ضلع انتظامیہ گیس ڈسٹری بیوٹرز کے ذریعے گھریلو گیس سلنڈروں کی روزانہ تقسیم کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنا رہی ہے، تاکہ کسی بھی صورت میں بکنگ کے بغیر گھریلو گیس سلنڈروں کا کمرشل استعمال، اوور چارجنگ یا ڈائیورشن نہ ہو سکے۔ تمام گیس ڈسٹری بیوٹرز کو ہدایت کی گئی کہ وہ گیس کی سو فیصد ہوم ڈیلیوری کو یقینی بنائیں۔












