نئی دہلی، (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی آج کیرالہ اور تمل ناڈو کا دورہ کریں گے اور دونوں ریاستوں میں تقریباً 16,450 کروڑ روپے کے متعدد اہم ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کا افتتاح کے اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وہ متعدد نئی ریل خدمات کو بھی جھنڈی دکھائیں گے۔ وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والی ریلیز کے مطابق، مسٹر نریندر مودی جن منصوبوں کا افتتاح کریں گے یا سنگ بنیاد رکھیں گے، ان میں پٹرولیم اور قدرتی گیس کے بنیادی ڈھانچے، دیہی رابطے، ہائی وے کی ترقی، اور ریلوے خدمات سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔ ریلیز کے مطابق، مسٹر نریندر مودی تقریباً 10,800 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے اور کیرالہ کے ایرناکلم میں دوپہر 1:30 بجے منعقد ہونے والی تقریب میں کچھ منصوبوں کو ملک کے نام وقف کریں گے۔ اس موقع پر وہ عوامی اجتماع سے بھی خطاب کریں گے۔ اس میں بھارت پیٹرولیم کارپوریشن کی کوچی ریفائنری میں پولی پروپیلین یونٹ کا سنگ بنیاد رکھنا بھی شامل ہے۔ اس پروجیکٹ میں 5,500 کروڑ روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری ہوگی۔












