چنئی، (یواین آئی ) چنئی سپر کنگز کے سی ای او کاسی وشواناتھن نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز مہندر سنگھ دھونی انڈین پریمیئر لیگ کے 19ویں ایڈیشن کے تمام میچز کھیلنے کے لیے پرعزم ہیں۔ آئی پی ایل کا یہ سیزن 28 مارچ سے شروع ہونے والا ہے اور دھونی پہلے ہی تربیتی کیمپ میں شامل ہو کر مشقیں شروع کر چکے ہیں۔سنجو سیمسن کی چنئی سپر کنگز میں شمولیت کے بعد دھونی کے مستقبل اور ان کے کھیلنے کے دورانیے کے حوالے سے چہ میگوئیان شروع ہو گئی تھیں، تاہم کاسی وشواناتھن نے واضح کیا 44 سالہ دھونی مکمل سیزن کے لیے دستیاب ہوں گے اور ہر میچ میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔کیا دھونی بطور وکٹ کیپر کھیلیں گے یا ‘امپیکٹ پلیئر کے طور پر؟ اس کا فیصلہ کوچنگ اسٹاف کرے گا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ ایک کرکٹنگ فیصلہ ہے جو گراؤنڈ پر موجود پروفیشنلز ہی کریں گے۔ گھٹنے کی تکلیف کے باوجود دھونی نے گزشتہ دو سیزنز میں بھرپور شرکت کی تھی اور اس بار بھی وہ رانچی میں نیٹ پریکٹس کے بعد مکمل تیاری کے ساتھ چنئی پہنچے ہیں۔سی ایس کے انتظامیہ نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں ہندوستانی ٹیم کی مسلسل دوسری جیت اور اس میں اپنے کھلاڑیوں کی کارکردگی پر خوشی کا اظہار کیا۔












