دھرم شالہ، (یواین آئی ) آئی پی ایل کے چیئرمین ارون سنگھ دھومل نے ہندوستانی کرکٹ کے مستقبل پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کی ‘بینچ اسٹرینتھ (متبادل کھلاڑیوں کی قوت) اس وقت دنیا میں سب سے بہترین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کا واضح ثبوت ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں ہندوستان کی شاندار فتح کی صورت میں دنیا کے سامنے آ چکا ہے۔ دھرم شالہ کے ایچ پی سی اے اسٹیڈیم میں سینٹرل یونیورسٹی آف ہماچل پردیش کے طلبہ اور فیکلٹی سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ارون دھومل نے کہا کہ انڈر 19 سے لے کر سینئر لیول تک ہندوستانی کرکٹ کے غلبے کا سہرا بی سی سی آئی اور ریاستی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے سر جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی پی ایل کے تربیتی کیمپ مقامی نوجوانوں کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں، جہاں پیٹ کمنز اور جوس بٹلر جیسے اسٹارز کے ساتھ نیٹ سیشنز سے ان کی تکنیک اور خود اعتمادی میں اضافہ ہوتا ہے۔ دھومل، جو ویمنز پریمیئر لیگ کے بھی سربراہ ہیں، نے بتایا کہ بہتر سہولیات اور زیادہ مواقع پہاڑی ریاستوں کے ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر لا رہے ہیں۔












