لکھنؤ، (یو این آئی) وزیر دفاع اور مقامی رکن پارلیمنٹ راج ناتھ سنگھ اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کے روز لکھنؤ میں سمتا مولک چوراہے سے ڈالی گنج تک گرین کوریڈور منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے منصوبے کے اگلے مرحلے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ شہر کے جھولے لال پارک میں منعقدہ تقریب میں ریاست کے کئی وزراء، عوامی نمائندے اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے عہدیداران شریک ہوئے۔ تقریب کے دوران گرین کوریڈور منصوبے کو لکھنؤ کی ٹریفک کو آسان بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم قرار دیا گیا۔ اس منصوبے کے ذریعے شہر کے مختلف حصوں کے درمیان آمد و رفت تیز اور آسان ہو جائے گی، جس سے ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا اور لوگوں کو بہتر رابطہ سہولت حاصل ہوگی۔قابل ذکر ہے کہ 100 کروڑ روپے کی لاگت سے گرین کوریڈور منصوبے کے پہلے مرحلے کا افتتاح 11 مارچ 2024 کو کیا گیا تھا۔ 6.8 کلو میٹر طویل یہ پل آئی آئی ایم روڈ سے پکا پل تک تعمیر کیا گیا تھا، جبکہ 299 کروڑ روپے کی لاگت سے آج منصوبے کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کیا گیا ہے۔ اس مرحلے کے تحت ڈالی گنج سے نشات گنج ہوتے ہوئے سمتا مولک چوک تک کا حصہ شامل ہے۔تقریباً سات کلو میٹر طویل اس پل کے کھلتے ہی حضرت گنج، ڈالی گنج اور نشاط گنج جیسے گنجان آبادی والے اور انتہائی مصروف علاقوں میں لگنے والے شدید ٹریفک جام سے بڑی راحت ملے گی۔












