نئی دہلی: ( یو این آئی) سابق ہندوستانی کرکٹر اور مشہور کمنٹیٹر آکاش چوپڑا نے ممبئی انڈینز کے اسٹار بلے باز روہت شرما کی فٹنس اور ٹیم میں ان کے کردار کے حوالے سے ایک بڑا بیان جاری کیا ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ روہت اس وقت اپنے کیریئر کے بہترین جسمانی فارم میں ہیں اور انہیں محض ایک ‘بیٹر کے طور پر استعمال کرنا ٹیم کے حق میں نہیں ہے۔خصوصی شو ‘گیم پلان میں گفتگو کرتے ہوئے آکاش چوپڑا نے کہا اگر آپ فٹ ہیں، تو آپ کو پورا میچ کھیلنا چاہیے، نہ کہ متبادل کے طور پر آنا چاہیے۔ ایک اوپنر ڈگ آؤٹ میں بیٹھ کر 20 اوورز تک تماشائی بننے کا عادی نہیں ہوتا۔ روہت شرما اس وقت سب سے فٹ، تیز رفتار اور شاید سب سے مضبوط کھلاڑی ہیں؛ لہٰذا انہیں پورے 40 اوورز میدان میں رہنا چاہیے۔”آکاش چوپڑا کا مزید کہنا تھا کہ ممبئی انڈینز روہت شرما کی مہارت کا بھرپور فائدہ تبھی اٹھا سکے گی جب وہ فیلڈنگ کے دوران بھی میدان میں موجود ہوں۔سابق آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے بھی روہت شرما کو ’12ویں کھلاڑی کے طور پر استعمال کرنے کی مخالفت کی ہے۔ انہوں نے موجودہ کپتان ہاردک پانڈیا کو مشورہ دیتے ہوئے کہا روہت ایک عظیم لیڈر رہے ہیں، ان کا میدان میں ہونا ٹیم کے حوصلے بلند کرتا ہے۔ ہربھجن کے مطابق، میچ کے نازک لمحات میں جب کپتان کو فوری اور اہم فیصلے کرنے ہوتے ہیں، تو روہت شرما ہاردک پانڈیا کے لیے بہترین مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ کچھ میچوں میں روہت شرما کو بطور ‘امپیکٹ پلیئر استعمال کیا گیا تھا، جس پر کرکٹ ماہرین مسلسل سوالات اٹھا رہے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ 1 اپریل کو جب ممبئی انڈینز اپنے سفر کا آغاز کرے گی، تو کیا روہت شرما پورے 40 اوورز ایکشن میں نظر آئیں گے؟












