نئی دہلی، ( یو این آئی) دو بار کے پیرا اولمپک گولڈ میڈلسٹ اور ہندوستانی جیولن تھرو اسٹار سمت انتل نے ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کر دی۔ نئی دہلی کے جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں جاری ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس گراں پری میں سمت انتل نے مردوں کے جیولن تھروایف 43/ ایف 44/ ایف 64 مقابلے میں طلائی تمغہ جیت کر ملک کا سر فخر سے بلند کر دیا۔سمت انتل نے 69.25 میٹر کی تھرو پھینکی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ایونٹ کے تمام تمغے ہندوستانی کھلاڑیوں کے نام رہے۔پشپیندر سنگھ نے 56.91 میٹر کے تھرو کے ساتھ سلور میڈل جیتا، جبکہ پونم رام نے 49.48 میٹر کے ساتھ برانز میڈل حاصل کیا۔ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس گراں پری 11 سے 13 مارچ تک نئی دہلی کے جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں آٹھ ممالک کے ایتھلیٹس حصہ لے رہے ہیں۔ ورلڈ پیرا ایتھلیٹکس گراں پری میں مردوں کی جیولن تھرو ایف43/ایف44/ایف64 مقابلے میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد سُمیت انتل نے یو این آئی سے کہا کہ وہ ابھی تک پریکٹس میں بھی 75 میٹر تک نہیں پہنچ پائے ہیں، لیکن آہستہ آہستہ اپنی تکنیک اور طاقت کو بہتر بنانے کی کوشش جاری ہے۔ انہوں نے کہا، “ہم مسلسل بہتری کی طرف کام کر رہے ہیں، آگے کیا ہوتا ہے یہ دیکھیں گے۔سونی پت سے تعلق رکھنے والے اس چیمپئن کھلاڑی نے بتایا کہ مقابلے کے دوران وہ خود کو پرسکون رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی توانائی کو بچا کر رکھتے ہیں تاکہ تھرو کے وقت پوری قوت کا استعمال کیا جا سکے۔ سمت کے مطابق ان کا موجودہ ٹریننگ پروگرام بالکل درست سمت میں ہے اور وہ اپنی تکنیک میں کسی بڑی تبدیلی کے حق میں نہیں ہیں۔ سُمیت انتل ہندوستان کے کامیاب ترین پیرا ایتھلیٹس میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے 2020 اور 2024 کے پیرا اولمپکس میں مردوں کی جیولن تھرو ایف64 کیٹیگری میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔ دونوں مرتبہ انہوں نے بالترتیب 68.55 میٹر اور 70.59 میٹر کے تھرو کے ساتھ پیرا اولمپک ریکارڈ بھی قائم کیا۔ اس کے علاوہ وہ ورلڈ چیمپئن شپ میں تین مرتبہ گولڈ میڈل جیت چکے ہیں اور 2025 میں قائم کیا گیا 71.37 میٹر کا چیمپئن شپ ریکارڈ بھی انہی کے نام ہے۔












