نئی دہلی، (یواین آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی نے پیر کو مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے لیے اپنے 144 امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کر دی۔ پارٹی نے شُوویندو ادھیکاری کو ان کے موجودہ اسمبلی حلقہ نندی گرام کے ساتھ ساتھ بھوانی پور نشست سے بھی امیدوار بنایا ہے، جہاں سے ترنمول کانگریس کی سربراہ اور ریاست کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اس وقت رکن اسمبلی ہیں۔ پارٹی کے سابق ریاستی صدر دلیپ کمار گھوش کو بولپور سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کوچ بہار شمال (ایس سی) نشست سے سُکمار رائے، سیتلکُچی (ایس سی) سے ساوتری برمن، دنہاٹا سے اجے رائے اور طوفان گنج سے مالتی راوا رائے کو امیدوار بنایا گیا ہے۔ کمارگرام (ایس ٹی) سے منوج کمار اوراؤں، کالچِنی (ایس ٹی) سے وِشال لاما اور علی پور دوار سے پَریتوش داس کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ بی جے پی صدر نِتِن نوین کی صدارت میں پارٹی کی مرکزی انتخابی کمیٹی کی 12 مارچ کو ہوئی میٹنگ میں امیدواروں کے ناموں پر غور کیا گیا۔؎












