نئی دہلی، (یواین آئی )ہندوستانی کرکٹ کے ابھرتے ہوئے نوجوان بلے باز ویبھو سوریہ ونشی نے کرس گیل کے آئی پی ایل میں 175 رنز کے تاریخی انفرادی اسکور کا ریکارڈ توڑنے کو اپنا بڑا ہدف قرار دیا ہے۔ 15 مارچ کو دہلی میں منعقدہ بی سی سی آئی کی سالانہ ایوارڈز تقریب کے دوران معروف کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا۔یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے 2013 میں رائل چیلنجرز بنگلورو کی طرف سے کھیلتے ہوئے پونے وارئیرز کے خلاف صرف 66 گیندوں پر 175 رنز بنائے تھے، جو آج بھی مینس ٹی 20 کرکٹ کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔ گیل نے اس تاریخی اننگز میں صرف 30 گیندوں پر سنچری مکمل کی تھی۔ویبھو سوریہ ونشی نے آئی پی ایل 2025 میں راجستھان رائلز کے لیے کھیلتے ہوئے گجرات ٹائٹنز کے خلاف صرف 35 گیندوں پر سنچری داغ کر تاریخ کی دوسری تیز ترین آئی پی ایل سنچری کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔ویبھو ابھی 15 سال کے بھی نہیں ہوئے، لیکن ان کے ریکارڈز ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں، انہوں نے انڈیا اے کی نمائندگی کرتے ہوئے یو اے ای کے خلاف 144 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔اب تک کی 18 اننگز میں وہ 3 سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔ راجستھان رائلز نے ان کی غیر معمولی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے انہیں آئی پی ایل 2026 کے لیے برقرار رکھا ہے۔انفرادی ریکارڈز کے ساتھ ساتھ سوریہ ونشی نے اپنی ٹیم کی جیت کو اولین ترجیح قرار دیا۔ انہوں نے ‘جیو ہاٹ اسٹار سے بات کرتے ہوئے کہا”آئی پی ایل 2026 کے لیے میرا سب سے بڑا ہدف راجستھان رائلز کے لیے ٹرافی جیتنا ہے۔ ٹیم کی جیت سب سے اہم چیز ہے، کیونکہ اگر ٹیم ٹرافی جیتتی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ میری کارکردگی ٹیم کے کام آئی ہے۔












