حیدرآباد ، (یو این آئی ) انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے آغاز سے قبل سن رائزرز حیدرآباد (ایس آر ایچ) نے اسٹار وکٹ کیپر بلے باز ایشان کشن کو پیٹ کمنز کی غیر موجودگی میں ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیا ہے۔ آسٹریلیائی فاسٹ بالر پیٹ کمنز کمر کی تکلیف کے باعث ابتدائی چند میچوں کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔فرنچائز کے مطابق پیٹ کمنز ابھی تک اپنی انجری سے مکمل طور پر صحت یاب نہیں ہو سکے ہیں، جس کی وجہ سے ان کی شرکت پر شکوک و شبہات برقرار ہیں۔ ایشان کشن کی قیادت میں نوجوان آل راؤنڈر ابھیشک شرما نائب کپتان کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ایشان کشن کو یہ ذمہ داری ان کی شاندار فارم اور قائدانہ صلاحیتوں کی بنیاد پر دی گئی ہے۔انہوں نے حال ہی میں اپنی کپتانی میں جھارکھنڈ کو پہلی بار سید مشتاق علی ٹرافی کا فاتح بنایا، جہاں انہوں نے 517 رنز اسکور کیے۔حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے ٹی-20 ورلڈ کپ میں ایشان کشن نے ہندوستانی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں 207 کے اسٹرائیک ریٹ سے 532 رنز بنا کر اپنی دھاک بٹھائی۔سن رائزرز حیدرآباد کی انتظامیہ کو امید ہے کہ ایشان کشن اپنی جارحانہ بیٹنگ اور حالیہ قائدانہ تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹیم کو ٹورنامنٹ کے آغاز میں فتوحات دلانے میں کامیاب رہیں گے۔












