نئی دہلی، (یو این آئی) قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے ) نے بدھ کے روز میانمار میں مبینہ طور پر دہشت گردانہ تربیت فراہم کرنے کے الزام میں سات غیر ملکیوں کو گرفتار کیا ہے، جن میں چھ یوکرینی باشندے اور ایک امریکی شہری شامل ہے۔موصولہ معلومات کے مطابق، گرفتار افراد میں یوکرین کے چھ شہری اور امریکہ کا ایک شہری شامل ہے۔ این آئی اے نے بتایا کہ یہ تمام ملزمان غیر قانونی طور پرہندوستان میں داخل ہوئے تھے اور مبینہ طور پر میانمار میں ہتھیار چلانے اور ڈرون آپریشنز کی تربیت فراہم کرنے میں ملوث تھے۔ تحقیقات کے دوران یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ تربیت کے مقصد کے لیے استعمال ہونے والے ڈرونز یورپ سے حاصل کیے گئے تھے۔ان ملزمان کو این آئی اے کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے تمام ساتوں ملزمان کو 11 روزہ جسمانی ریمانڈ پر این آئی اے کی تحویل میں دے دیا گیا۔ ایجنسی اب ان سے ہندوستان میں غیر قانونی داخلے، اسلحے کی تربیت، ڈرون آپریشنز اور ڈرون کی خریداری میں ملوث نیٹ ورک کے بارے میں پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔ این آئی اے ان ملزمان کے وسیع تر روابط کی بھی تحقیقات کر رہی ہے تاکہ کسی دہشت گرد تنظیم یا نیٹ ورک کے ساتھ ان کے تعلقات کی شناخت کی جا سکے، اور یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا وہ کسی بڑے دہشت گرد ماڈیول کے لیے کارندوں کو تربیت دینے میں ملوث تھے۔












