ڈبلن، (یواین آئی )آئرلینڈ کے تجربہ کار اوپننگ بلے باز پال اسٹرلنگ نے جمعرات کو فوری طور پر ٹی-20 ٹیم کی کپتانی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ 35 سالہ اسٹرلنگ نے آج جاری کردہ ایک بیان میں کہا، "اس فارمیٹ میں آئرلینڈ کی قیادت کرنا میرے لیے بہت بڑے اعزاز کی بات رہی ہے اور مجھے ایسا کرنے پر بے حد فخر محسوس ہوا ہے۔ اپنے ملک کی کپتانی ایک ایسا استحقاق ہے جس کے ساتھ بڑی ذمہ داری بھی آتی ہے۔ اس کردار کے دوران مجھے جو اعتماد اور تعاون ملا، اس کے لیے میں بہت مشکور ہوں۔”اسٹرلنگ نے واضح کیا کہ وہ ون ڈے (ایک روزہ) ٹیم کے کپتان برقرار رہیں گے، کیونکہ ان کی تمام تر توجہ اگلے سال جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں ہونے والے ورلڈ کپ میں آئرلینڈ کی جگہ یقینی بنانے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے مزید کہا، "اگرچہ میں ٹی-20 کپتانی چھوڑ رہا ہوں، لیکن میں آئرش ٹیم کے لیے مکمل طور پر وقف ہوں اور ون ڈے کپتان کے طور پر اپنی ذمہ داریاں نبھاتا رہوں گا۔ ایک کھلاڑی کے طور پر مجھ میں اب بھی بہت جنون باقی ہے اور مجھے لگتا ہے کہ اس فیصلے سے میں اپنی بہترین کارکردگی دکھانے اور میدان میں اپنا بھرپور حصہ ڈالنے پر زیادہ بہتر توجہ دے سکوں گا۔واضح رہے کہ اسٹرلنگ نے 48 ٹی-20 میچوں میں آئرلینڈ کی کپتانی کی، جن میں سے ٹیم نے 20 میچ جیتے اور 26 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ دو میچ بے نتیجہ رہے۔ 2023 میں اینڈی بالبرنی کے استعفیٰ کے بعد اسٹرلنگ نے عارضی طور پر سفید گیند (وائٹ بال) کرکٹ کی کپتانی سنبھالی تھی، جس کے بعد انہیں مستقل طور پر اس عہدے پر تعینات کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے 2024 اور 2026 کے دونوں ٹی-20 ورلڈ کپ میں آئرلینڈ کی قیادت کی، تاہم دونوں ہی مواقع پر ٹیم گروپ مرحلے سے آگے بڑھنے میں ناکام رہی۔












