بلند شہر ،سماج نیوز سروس: ملک بھر میں عید الفطر کا تہوار مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا ۔ تمام عید گاہوں اور مسا جد میں عید کی نماز کے بعد امت مسلمہ اور ملک کی سلامتی کے لیے دعائیںکی گئیں ۔ ماہ رمضان کے روزوں اور عبادتوں کے بعد لوگ اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لانے کے لیے عیدگاہوں، مساجد اور کھلے مقامات پر نماز عید کے لیے شریک ہوئے ۔عید کی نماز کو پرامن کرانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا عملہ پوری طر ح سے الرٹ رہا ۔ عیدالفطر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ نے ضلع کی عیدگاہوں میں نماز عید کے لیے صفائی ستھرائی اور دیگر ضروری انتظامات کیے تھے۔ بلند شہر عید گاہ میں شہر قاضی مولانا اسامہ نے عید کی نماز ادا کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تہذیب وتمدن میں جن تہواروں کو بڑے ہی شان وشوکت کے ساتھ منایا جاتاہے ان میں ایک اسلامی تہوار عید الفطر ہے ۔اس دن کو عمومی طور چھوٹی عید، میٹھی عید اور عید الفطر کے نام سے بھی تعبیر کیا جاتا ہے۔ عید الفطر کا دن اپنی اہمیت اور فضیلت کے لحاظ سے بہت زیادہ شرف وعزت والا دن ہے،اس دن اللہ اپنے بندوں کی ضیافت کرتاہے، اپنی بخشش وکرم کی بارشیں نازل کرتا ہے اوراپنے بندوں کو عزتوں سے نوازتا ہے۔ سکندرآباد عید گاہ میں مولانا محمد ارشد نے عید کی نماز سے قبل اپنے خطا ب میں کہا کہ آج کے دن ملائکہ کے درمیان اپنے بندوں کی تسبیحات وتہلیات اور اجتماعی عبادت کو دیکھ کر اللہ تعالی فخر کرتا ہے ،اس دن اہل ایمان کو اللہ کی طرف سے انعامات واکرام سے نوازا جاتا ہے۔ اس لئے اس دن کو عید کا دن یعنی خوشیوں بھرا مسرت انگیز دن کہا جا تا ہے۔عید کو عید اس لئے بھی کہتے کہ یہ دن ہر سال لوٹ کر آتا ہے اور اپنے ساتھ خوشیوں کا پیغام بھی لاتا ہے۔ شاہی جامع مسجد سکندرآباد میں مو لانا محمد عارف قا سمی نے کہا کہ اسلامی روایات کے آئینہ میں اگر اس دن کو دیکھا جائے تو یہ دن اپنی آب وتاب کے ساتھ اہل ایمان کے چہروں پر رمضان المبارک کے اختتام پر ملنے والی بخشش کی وجہ سے ایک روشن ستارہ نظر آتا ہے۔جب روزہ دار اپنی ڈیوٹی پوری کرتا ہے تو اس کی کامیابی پر اسے اللہ تعا لی کی طرف سے انعام واکرام دیاجاتا ہے ا ور ایک ماہ کی روحانی تربیت کے بعد آج کے دن اللہ کی طرف سے خاص ضیافت کا اہتما م کیا جاتاہے ۔ عید گاہ اہل حدیث میں مولانا رفیق عالم ریا ضی نے خطا ب کر تے ہوئے کہا کہ عید الفطر کا دن جہاں فرحت ومسرت کا دن ہے وہیں یہ دن اللہ کے انعاما ت پر اظہار تشکر کابھی دن ہے۔یہ عظمت الہی کی پہچان کا دن ہے ۔عید الفطر کا دن اپنی تمام تر رونقوں کے ساتھ جلوہ افروز ہوکر مسلمانو ں کو رب العالمین کی طرف سے ملی جانے والی بخشش کی بہت بڑی خوشخبری سناتا ہے ۔












