نئی دہلی ،ایجنسیاں: دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعرات کو پیٹم پورہ کے سروودیا ودیالیہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کنیا پوجن کی ایک اجتماعی تقریب میں شرکت کی اور طلباء سے بات چیت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے نو سکولوں کی تقریباً ایک ہزار طالبات میں سائیکلیں تقسیم کیں۔ پروگرام کے دوران وزیر اعلیٰ نے طلباء سے بات چیت کی اور ان کی پڑھائی، اسکول جانے میں مشکلات اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں دریافت کیا۔ طلباء نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ سائیکلیں ملنے سے ان کے لیے اسکول پہنچنے، ٹیوشن جانے اور گھریلو سامان لے جانے میں آسانی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے طالبات سے کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لڑکیوں کی تعلیم کو آگے بڑھانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے تاکہ انہیں اپنی تعلیم میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ پروگرام کے دوران وزیر اعلیٰ نے نوزائیدہ بچوں کی ماؤں میں بچوں کی دیکھ بھال کی ضروری اشیاء پر مشتمل بیبی کٹس بھی تقسیم کیں۔ اس موقع پر سکول کے اساتذہ، والدین اور طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب میں طلباء کا بہت جوش و خروش تھا اور انہوں نے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔












