نئی دہلی ،سماج نیوز سروس: عام آدمی پارٹی نے دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی جانب سے عدلیہ کے لیے سیٹنگ جیسے قابلِ اعتراض لفظ کے استعمال پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان سے ملک سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔ پارٹی کی سینئر لیڈر راکھی بڈلان نے کہا کہ ملک کے عوام کو بھارتی عدلیہ پر مکمل اور اٹوٹ اعتماد ہے، لیکن ریکھا گپتا نے سیٹنگ کا الزام لگا کر اس اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب عدالت میں بی جے پی کی جھوٹی سازش کا پردہ فاش ہو گیا اور حقیقت عوام کے سامنے آ گئی تو بوکھلاہٹ میں ریکھا گپتا عدلیہ پر بے بنیاد الزامات لگانے لگیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریکھا گپتا وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لائق نہیں ہیں، لیکن بی جے پی کے اعلیٰ قیادت کے ساتھ مبینہ سیٹنگ کے باعث وہ اس منصب تک پہنچیں۔ انہوں نے بھاجپا سے سوال کیا کہ کیا وہ اپنی وزیر اعلیٰ کے اس بیان سے اتفاق رکھتی ہے؟ کیا عدالتوں کے ساتھ سیٹنگ کر کے عام آدمی پارٹی کے رہنماؤں کے خلاف فیصلے کروائے گئے؟ ہفتہ کے روز آپ ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے راکھی بڈلان نے کہا کہ جمعہ کو دہلی کی وزیر اعلیٰ نے ایک آئینی عہدے پر فائز ہوتے ہوئے انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان دیا۔ انہوں نے عدلیہ اور سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے خلاف سیٹنگ جیسے لفظ کا استعمال کیا، جس کی سخت مذمت ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ کے حوالے سے اس طرح کی زبان استعمال کرنے پر ریکھا گپتا کو شرم آنی چاہیے اور انہیں فوری طور پر معافی مانگنی چاہیے۔












