لکھنؤ، (یو این آئی) ڈالر کے مقابلے میں تیزی سے گرتے روپے پر سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت روپے کی گراوٹ اور بی جے پی کی شبیہ کے درمیان زبردست مقابلہ چل رہا ہے۔ جیسے جیسے بی جے پی لیڈران کے مبینہ اسکینڈلز، بداعمالیوں اور بدعنوانی کے معاملات سامنے آ رہے ہیں، ویسے ویسے پارٹی کی شبیہ مسلسل گرتی جا رہی ہے۔مسٹر یادو نے منگل کے روز کہا کہ بی جے پی اور اس کے اتحادیوں سے وابستہ معاملات سامنے تو آ رہے ہیں، لیکن ذمہ داری طے کرنے کے بجائے استعفے نہیں دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی پر اخلاقی دیوالیہ پن کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال اب انتہا تک پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ غلط فیصلوں کے باعث ملک کی معیشت بحران میں ہے۔ روپے کی قدر مسلسل گر رہی ہے اور مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے، جس سے عوام پر بھاری بوجھ پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو گیس سلنڈر کے لیے ملک کے کئی حصوں میں لوگوں کو لمبی قطاروں میں کھڑا ہونا پڑ رہا ہے، جو حکومت کی ناکامی کو ظاہر کرتا ہے۔اکھلیش یادو نے کہا کہ عالمی سطح پر جاری جنگ کے باعث پیدا ہونے والے توانائی بحران کے حوالے سے حکومت نے کوئی ٹھوس تیاری نہیں کی۔انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت عوام کو گمراہ کرتی رہی ہے اور خارجہ پالیسی پر بھی سوالات اٹھائے۔ ان کے مطابق ہندوستان جیسے بڑے جمہوری ملک کو عالمی بحران کے وقت فعال کردار ادا کرنا چاہیے تھا، لیکن حکومت صرف تماشائی بنی رہی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کی پالیسیوں اور عالمی حالات کا براہِ راست اثر ملک کی معیشت اور عام لوگوں کی زندگی پر پڑ رہا ہے، جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔












