سیتاپور،سماج نیوز سروس: شہر سیتاپور کی مسجد فتن سرائے میں منعقدہ سہ روزہ حج تربیتی کیمپ میں عازمین حج کیلئے جامع اور عملی رہنمائی کا اہتمام کیا گیا، جس میں تقریباً ایک سو پینسٹھ مرد و خواتین عازمین نے شرکت کی۔ اس موقع پر ماہرینِ حج و علماء کرام نے حج وعمرہ کے مختلف مراحل، آداب اور ضروری احتیاطی تدابیر پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ کیمپ کے کنوینر حاجی محمد یوسف خاں نے اپنے خطاب میں عازمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حج و عمرہ کو سنت کے مطابق ادا کرنا نہایت ضروری ہے، اسی میں قبولیت اور روحانی کامیابی مضمر ہے۔ انہوں نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں قیام کے دوران پیش آنے والے عملی مسائل، رہائش، نقل و حمل اور دیگر ضروری امور پر نہایت سادہ اور مؤثر انداز میں رہنمائی فراہم کی۔ مفتی مولانا آفتاب عالم ندوی خیرآبادی، مبلغ دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ اور معروف حج ٹرینر نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ عازمین حج صرف اپنے لیے ہی نہیں بلکہ دوسروں کی رہنمائی کے لیے بھی مکمل تیاری کریں۔ انہوں نے فرمایا کہ ایسا سیکھ کر جائیں کہ خود بھی حجِ مبرور حاصل کریں اور دیگر حجاج کرام کے لیے بھی آسانی کا ذریعہ بن سکیں۔ انہوں نے سفرِ حج کی تیاری، ضروری سامان، پٹھو بیگ اور بڑے بیگ میں رکھنے والی اشیاء نیز حج کمیٹی کے قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل تفصیل بیان کی۔ اس موقع پر مفتی محمد وسیم ندوی، مفتی مشیت اللہ قاسمی، مفتی سفیان قاسمی سمیت دیگر علماء کرام نے بھی اپنے خطابات میں حج کی اہمیت، اس کے فضائل اور عملی رہنمائی کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ پروگرام کا اختتام مفتی آفتاب عالم ندوی خیرآبادی کی دعا پر ہوا، جس میں تمام عازمین حج کے لیے آسانیوں اور حجِ مقبول و مبرور کی خصوصی دعا کی گئی۔ نوٹ: جامعہ نور الہدیٰ للبنات، محلہ مسواسی ٹولہ، قصبہ خیرآباد ضلع سیتاپور میں ۸؍ اپریل کو صبح ۹؍ بجے سے دوپہر ۲؍ بجے تک ایک اور حج تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں تمام مرد و خواتین عازمین حج کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔












