اولان بتار (منگولیا)،(یو این آئی) ایشیائی باکسنگ چیمپیئن شپ کے ساتویں روز ہندوستانی باکسرز نے رنگ میں اپنی دھاک بٹھا دی۔ خواتین کے زمرے میں میناکشی اور جیسمین کی یکطرفہ فتوحات کے ساتھ ہی ہندوستانی خواتین ٹیم کی تمام کھلاڑیوں نے سیمی فائنل میں جگہ بنا کر تمغے پکے کر لیے ہیں۔ دوسری جانب مردوں کے زمرے میں بھی لوکیش، آکاش اور ہرش چوہدری کی کامیابیوں نے ہندوستان کے لیے مزید 6 سیمی فائنل برتھس یقینی بنا دی ہیں۔صبح کے سیشن میں ہندوستانی خواتین باکسرز نے منگولیا کے رنگ میں بہترین تکنیک کا مظاہرہ کیا۔میناکشی (48 کلوگرام) نے جاپان کی یوکا ساداماتسو کے خلاف انتہائی نپے تلے انداز میں فائٹ کی اور 5-0 کے متفقہ فیصلے سے کامیابی حاصل کی۔جیسمین (57 کلوگرام) نے چین کی زی ئی چین کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 5-0 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ان فتوحات کے ساتھ ہندوستانی خواتین ٹیم نے ایک تاریخی سنگ میل عبور کیا ہے جہاں دستے کی ہر رکن اب میڈل جیتنے کی پوزیشن میں آچکی ہے۔مردوں کے مقابلوں میں بھی ہندوستانی مکے بازوں کا پلہ بھاری رہالوکیش (85 کلوگرام) نے جنوبی کوریا کے گیچے کم کو 5-0 سے ہرا کر اپنی برتری ثابت کی۔آکاش نےترکمانستان کے یلخاس بختیاروف کے خلاف 5-0 کی یکطرفہ جیت حاصل کی۔ہرش چوہدری نے کرغزستان کے تنستان علی بائیوف کو شکست دے کر سیمی فائنل میں قدم رکھا۔تاہم، انکش (80 کلوگرام) کو اردن کے حسین اشعیش کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا اور وہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔ ہندوستان کے اب مجموعی طور پر 6 مرد باکسرز سیمی فائنل میں پہنچ چکے ہیں۔












