تہران، (یواین آئی) ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اصفہان کے جنوبی علاقے میں امریکی فوجی کارروائی کے دوران ایرانی افواج نے دو سی 130 طیارے اور دو بلیک ہاک ہیلی کاپٹر تباہ کر دیے۔ایرانی میڈیا کے مطابق یہ کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب امریکی افواج ایک گرائے گئے لڑاکا طیارے کے لاپتا عملے کے رکن کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن کر رہی تھیں۔اس سے قبل بھی اسی آپریشن کے دوران ایک سی 130 طیارہ تباہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، تاہم اب پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے مزید طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ترجمان کے مطابق ایرانی دفاعی نظام نے امریکی فوجی نقل و حرکت کو بروقت نشانہ بنایا اور دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔دوسری جانب اس دعوے پر تاحال امریکی حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، جس کے باعث صورتحال سے متعلق غیر یقینی برقرار ہے۔ماہرین کے مطابق اگر یہ دعوے درست ثابت ہوتے ہیں تو اس سے خطے میں جاری کشیدگی مزید شدت اختیار کر سکتی ہے اور امریکہ و ایران کے درمیان براہِ راست فوجی تصادم کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔












