محمد زاہد امینی
نوح،میوات،سماج نیوز سروس: علاقہ میوات کے نوح شہر سے متصل اڈبر گاؤں میں نہایت جوش وخروش کے ساتھ منعقد ہونے والاعظیم الشان سہ روزہ تبلیغی اجتماع گذشتہ روزپیر کو رئیس التبلیغ حضرت اقدس مولانا محمد سعد صاحب کاندھلوی مد ظلہ العالی کے اختتامی خطاب اور رقت آمیز دعاء کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔دعاء سے قبل صبح6:38سے8:19منٹ تک چلے اپنے کلیدی اور ناصحانہ خطاب میں حضرت مولانا محمد سعد کاندھلوی نے فرمایا کہ مدارس اسلامیہ کا بنیادی مقصد امت کومعاشرتی ارتداد سے بچانا ہے نہ کہ کتابوں کی تکمیل کرانا،لہذا اہل مدارس کوچاہیے کہ اپنے گردونواح کی مساجد کی آبادی کی ذمہ داری سنبھالیں اور یہ کہ صرف درس نظامی کی تکمیل سے علم میں ہرگز رسوخ پیدا نہیں ہوسکتا اس کے لئے اتباع سنت نہایت ضروری ہے۔انہوں نےنفر اور خروج فی سبیل اللہ کی اہمیت وافادیت پر بیان کرتے ہوئے کہا کہ نفر فی سبیل اللہ ایسی اہم سنت ہے کہ جس کے ترک پرقرآن کریم نےہلاکت کی دھمکی دی ہے۔علاوہ ازیں انہوں نے اتباع سنت کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ بغیر سنت کی اتباع کے نہ تو عبادت میں روحانیت آ سکتی ہے ہے اور نہ ہی دعوت میں کمال پیدا کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتباع سنت کو تفرد کہا جائے اور رواج کے خلاف بولنے کو تشدد کہا جائے تو میں سمجھتا ہوں کہ یہ دین کا استخفاف ہے۔انہوں نے نبوی زندگی کو اختیار کرنے کی تاکید کرتے ہوئے مزید کہا کہ جن لوگوں کو سنت سے محبت نہیں ہوتی وہ لوگ اسوۂ حسنہ میں تنگی اور گھٹن محسوس کرتے ہیں۔انہوں نے دعوتی اعمال کو سیرت سے جوڑنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دعوت بدنی عمل ہے لہذا بغیر نفر کے صرف کاغذ وقرطاس کے ذریعہ دعوتی فریضہ ادا نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے اپنے فکر انگیز بیان میں کہا کہ ایک مسلمان کا کسی غیر مسلم کی دنیاوی چمک دمک سے متاثرہونا ایسا ہی ہے جیسے کوئی انسان جانوروں والا کھاناپسند کرے۔انہوں نے معاشرے میں آگ طرح پھیل رہی نشہ کے بارے میں تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہر نش کی چیز حرام ہے۔موجودہ حالات پر بولتے ہوئے حضرت مولانا نے فرمایا کہ آج مسلمان اپنی خواہشات کے ذریعہ باطل کو مضبوط کر رہا ہے اور یہ کہ دشمن طاقتوں کی کمپنیوں کا سامان خریدنا بھی ایک طرح سے ان کی مدد کرنا ہے۔واضح رہے کہ دعوت وتبلیغ کاگڈھ کے نام سے مشہور علاقہ میوات میں ہر سال عالمی مرکز نظام الدین دہلی کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والا عظیم الشان جلسہ عام اس مرتبہ ضلع ہیڈکوارٹر نوح کے قریب اڈبر،جوگی پور ونظام پور وغیرہ مواضعات کے وسیع جنگلوں میں انتہائی جوش وجذبات کے ساتھ منعقد کیا گیا جس میں علاقہ بھر کے لاکھوں فرزندان توحید نے شرکت کی۔آنے والے مہمانوں کو کسی قسم کی کوئی دقت یا پریشانی نہ ہو اس کے لئے بجلی،پانی پنڈال،سڑکیں وفری کھانا ناشتہ وغیرہ کے اعلیٰ پیمانے پر انتظامات کئے گئے تھے۔اپنی مہمان نوازی کے لئے مشہور میوات کے لوگوں نےہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی جانی ومالی ہر اعتبار سے بڑھ۔چڑھ کر حصہ لیا اور تینوں دن اپنے مہمانوں کی خوب خوب تواضع کی آج صبح سوا 8بجے حضرت جی مولانا محمد سعد صاحب کاندھلوی دامت برکاتہم العالیہ کے ذریعہ ملک وملت کی امن و سلامتی کی دعائیں کرائیں گئیں۔اور علاقہ بھر کی سینکڑوں جماعتوں کو چلہ وچار ماہ کے لیے اللہ کے راستے میں روانہ کیا گیا۔اس سے قبل 4,5تاریخوں میں فرزندان حضرت جی مولانامحمد یوسف صاحب،مولانا محمد الیاس،مفتی سعید،مولانا محمد عمر مڈ ی وغیرہ نے بھی دعوت وتبلیغ کے عنوان پر لوگوں کو خطاب فرمایا۔












