سدنی ،(یواین آئی )آسٹریلیائی کرکٹر ڈیوڈ وارنر پر شراب پی کر ڈرائیونگ کرنے کے الزام پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق سڈنی کے علاقے ماروبرا میں پولیس نے گاڑی چلاتے ڈیوڈ وارنر کا ٹیسٹ کیا، انہوں نے پولیس کے ٹیسٹنگ سینٹر سے پہلے ہی گاڑی روکی تاہم اہلکاروں نے ان کا بریتھ ٹیسٹ لیا۔ وارنر کا بریتھ ٹیسٹ کیا گیا جس میں ان کے خون میں الکحل کی سطح 0.104 ریکارڈ کی گئی، جو کہ آسٹریلیا میں قانونی حد سے دوگنا سے بھی زیادہ ہے۔ڈیوڈ وارنر کا ٹیسٹ مثبت آنے پر پولیس نے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا اور نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے انہیں گرفتار کر کے پولیس اسٹیشن منتقل کر دیا۔پولیس نے وارنر کو ‘فیلڈ کورٹ اٹینڈنس نوٹس جاری کر دیا ہے، جس کے تحت انہیں 7 مئی 2026 کو ڈاوننگ سینٹر لوکل کورٹ میں پیش ہونا ہوگا۔یاد رہے کہ ڈیوڈ وارنر پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی کپتانی کر رہے ہیں، وہ پی ایس ایل سے چند روز کی چھٹیوں پر آسٹریلیا گئے تھے اور 9 اپریل کو انہیں ٹیم کو دوبارہ جوائن کرنا تھا۔اس قانونی کارروائی کے بعد اب ان کی پاکستان واپسی اور پی ایس ایل کے بقیہ میچز میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔کراچی کنگز کی انتظامیہ یا پی سی بی کی جانب سے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ڈیوڈ وارنر نے حال ہی میں بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کی تھی۔ انہوں نے جنوری 2024 میں ٹیسٹ کرکٹ اور 2023 کے ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔ ان کا آخری بین الاقوامی میچ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں ہندوستان کے خلاف تھا۔












