لندن، (یواین آئی): کیئر اسٹارمر مشرق وسطیٰ کا دورہ کریں گے تاکہ خلیجی شراکت داروں کے ساتھ مذاکرات کے ذریعے آبنائے ہرمز کو مستقل طور پر کھلا رکھنے کو یقینی بنایا جا سکے۔برطانوی وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق یہ دورہ امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے بعد خطے میں استحکام کو یقینی بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔کیئر اسٹارمر نے اپنے بیان میں جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت خطے اور دنیا کے لیے سکون کا باعث بن سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ شراکت دار ممالک کے ساتھ مل کر جنگ بندی کو برقرار رکھنا، اسے مستقل معاہدے میں تبدیل کرنا اور ہرمز کی گزرگاہ کو دوبارہ کھولنا انتہائی ضروری ہے۔رپورٹس کے مطابق اسٹارمر نے اس مقصد کے لیے متعدد بین الاقوامی اجلاس بھی منعقد کیے ہیں تاکہ تیل اور گیس کی عالمی ترسیل کے لیے اس اہم بحری راستے کی بحالی کے طریقے تلاش کیے جا سکیں۔یہ دورہ اس وقت مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے جب حالیہ جنگ بندی کے باوجود عالمی معیشت کو درپیش خطرات بدستور موجود ہیں۔ادھر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ دو ہفتوں کی جنگ بندی کی منظوری بھی اسی تناظر میں دی گئی تھی، جو اس مہلت سے قبل سامنے آئی جس میں ایران کو ہرمز کھولنے کا الٹی میٹم دیا گیا تھا۔












