اسلام آباد، (یواین آئی) پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے فیلڈ مارشل کے لیے تالیاں بجائی گئیں۔پاکستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ارکان نے وزیراعظم کا استقبال تالیوں سے کیا جبکہ اجلاس کے دوران مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔ کابینہ نے جمعہ کو "یومِ تشکر” کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا اور قوم سے مذاکرات کی کامیابی کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور دوست ممالک کی امن کے لیے کی گئی کوششیں کامیاب ہوئیں اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کے شعلے پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے چکے تھے مگر جنگ بندی کے ذریعے پاکستان کو عزت و وقار ملا۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ سفارتی کامیابی پورے ملک کے عوام کی کامیابی ہے اور آج عالمی میڈیا بھی پاکستان کے کردار کو سراہ رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈپٹی وزیراعظم محمد اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم نے ایک ماہ سے زائد عرصے تک انتھک محنت کی جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کئی راتیں جاگتے رہے اور ایرانی و امریکی قیادت سے مسلسل رابطے میں رہے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر کابینہ اراکین نے فیلڈ مارشل کے لیے تالیاں بجائیں۔شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت میں مکمل ہم آہنگی ہے اور یہی یکجہتی پاکستان کی کامیابی کا سبب بنی۔انہوں نے ایرانی صدر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستان کی درخواست پر عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا۔وزیراعظم نے قطر، ترکیہ، مصر، عمان، انڈونیشیا، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ جنگ وقتی طور پر رکی ہے مگر ہدف پائیدار امن کا قیام ہے، جبکہ جلد ایرانی اور امریکی وفود پاکستان آئیں گے تاکہ مذاکرات کو آگے بڑھایا جا سکے۔قبل ازیں وزیراعظم نے اعلان کیا تھا کہ ایران اور امریکہ نے اپنے اتحادیوں کے ساتھ لبنان سمیت مختلف خطوں میں فوری جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے، جو فوری طور پر نافذ العمل ہو چکی ہے۔وزیراعظم کے مطابق دونوں ممالک کے وفود کو 10 اپریل 2026 کو اسلام آباد مدعو کیا گیا ہے تاکہ تنازعات کے حتمی حل کے لیے مزید مذاکرات کیے جا سکیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات خطے میں پائیدار امن کے قیام میں اہم پیش رفت ثابت ہوں گے۔ پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی (سیز فائر) کرانے میں مدد کرنے والے ممالک کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر چین، سعودی عرب، قطر، ترکیہ اور مصر کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ان ممالک نے جنگ بندی تک پہنچنے میں بھرپور اور کلیدی مدد فراہم کی۔انہوں نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ ان ممالک کی حمایت سے امن کے لیے جاری کوششوں کو تقویت ملی اور مذاکرات کے ذریعے اس تنازع کو ختم کرنے کا راستہ کھلا۔مسٹر شہباز شریف نے خلیج تعاون کونسل کے ممالک کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ ان کا مسلسل تعاون اس پورے عمل میں انتہائی ضروری رہا۔ مغربی ایشیا میں قیامِ امن کی یہ کوششیں ہندوستان سمیت پوری دنیا کے لیے اطمینان کا باعث ہیں، کیونکہ اس سے خطے کی استحکام والی پہچان بحال ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے۔وہیں پاکستان کے صدر مملکت آصف علی زرداری نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بروقت اور مثبت قدم قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا اور امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔مسٹر زرداری نے شہباز شریف، عاصم منیر اور اسحاق ڈار سمیت عالمی قیادت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے جنگ بندی کو مستقل امن میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔












