علی گڑھ،سماج نیوز سروس : کلچرل ایجوکیشن سنٹر (سی ای سی)، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے فلم کلب نے نئی دہلی کے انڈیا ہیبی ٹیٹ سینٹر میں منعقدہ باوقار ’اُدّیشیہ‘ تقریب کے ’سوترادھار‘ زمرے میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ یہ کامیابی فلم کلب کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے جس سے یونیورسٹی کی تخلیقی سرگرمیوں کو نمایاں کرنے اور عالمی سطح پر روابط کے نئے مواقع پیدا ہونے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ اس فلم فیسٹیول میں رَیّان عارف نے یونیورسٹی کی نمائندگی کی۔ ان کی فلم ’دی لاسٹ مائل‘مختلف انٹریز میں سے شارٹ لسٹ کی گئی اور نمائش کے لیے منتخب ہونے والی تین فلموں میں شامل رہی۔ اس فلم کو جیوری اور شرکاء نے کافی پسند کیا اور سراہا۔ ملک کے ممتاز اداروں کے ساتھ مقابلے میں فلم کلب کی رنر اَپ پوزیشن اس بات کی عکاس ہے کہ اے ایم یو میں تخلیقی سرگرمیاں مسلسل فروغ پارہی ہیں اور کلچرل ایجوکیشن سنٹر کی مؤثر سرپرستی جاری ہے۔ اس شرکت کے نتیجے میں کلب کو بین الاقوامی سطح پر بھی توجہ حاصل ہوئی اور بنگلور انٹرنیشنل شارٹ فلم فیسٹیول اور پی جی پی گلوبل شارٹ فلم فیسٹ میں شرکت کی دعوت موصول ہوئی۔ اس کے علاوہ کئی بین الاقوامی تنظیموں نے عالمی سماجی اثرات سے متعلق منصوبوں میں کلب کے فلمسازوں کے ساتھ اشتراک و تعاون میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ کلچرل ایجوکیشن سنٹر کے کوآرڈینیٹرپروفیسر محمد رضوان خان نے ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس کامیابی کو یونیورسٹی کے لیے باعث فخر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کامیابیاں اے ایم یو کے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرتی ہیں اور یہ سی ای سی کے اس عزم کی توثیق کرتی ہیں کہ طلبہ کی صلاحیتوں کو فروغ دیا جائے اور فنّی اظہار اور عالمی روابط کے لیے مؤثر پلیٹ فارم فراہم کیے جائیں۔ یونیورسٹی فلم کلب کے صدر ڈاکٹر فاروق احمد ڈار نے بھی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی محنت اور لگن کو سراہا اور کہا کہ اس اعتراف سے طلبہ کو فلمسازی کے میدان میں مزید بہتر کارکردگی دکھانے کا حوصلہ ملے گا۔ یونیورسٹی فلم کلب کے سکریٹری سید ایان اقبال نے کہا کہ اس دستیابی نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر کلب کے لیے نئی راہیں ہموار کی ہیں۔












