لکھنؤ، (یو این آئی) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے جمعرات کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا سیاسی کردار عوام مخالف ہے اور وہ جمہوریت کے ساتھ دھوکہ کر رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریاست میں قانون و انتظام پوری طرح تباہ ہو چکا ہے اور عام لوگوں کو بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں ہو پا رہی ہیں۔ پارٹی ہیڈکوارٹر میں جمعرات کو مختلف اضلاع سے آئے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ 2027 کے اسمبلی انتخابات میں کارکنوں کو 2024 کے لوک سبھا انتخابات سے بھی زیادہ چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔ مسٹر یادو نے کارکنوں سے بوتھ سطح پر سرگرم رہنے اور عوام کے درمیان جا کر بی جے پی حکومت کی ناکامیوں کو بتانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ اسمارٹ سٹی پروجیکٹس کے نام پر عوام کو گمراہ کیا گیا ہے جبکہ لکھنؤ سمیت بڑے شہروں میں ٹریفک نظام بدحال ہے اور جام کا مسئلہ سنگین بنا ہوا ہے۔ انہوں نے بجلی کے نظام پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت کے دور میں کوئی نیا بجلی گھر قائم نہیں کیا گیا۔؎












