نئی دہلی، (یو این آئی) آسام، کیرالہ اور مرکز کے زیر انتظام علاقے پڈوچیری میں اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹرز بڑی تعداد میں اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کر رہے ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق دوپہر ایک بجے تک آسام کی تمام 126 نشستوں کے لیے 59.63 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ کیرالہ میں 140 نشستوں پر 49.70 فیصد اور پڈوچیری کی 30 اسمبلی نشستوں پر 56.83 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ اس کے علاوہ کرناٹک اسمبلی کی دو نشستوں باگل کوٹ اور داونگیرے میں بالترتیب 43.75 فیصد اور 37.17 فیصد، ناگالینڈ کی کوری ڈانگ میں 59.52 فیصد اور تریپورہ کی دھرمانگر اسمبلی نشست کے ضمنی انتخاب کے لیے 52.76 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔ تمام مقامات پر پولنگ جمعرات کی صبح سات بجے شروع ہوئی، کیرالہ اور پڈوچیری میں شام چھ بجے تک جبکہ آسام میں شام پانچ بجے تک ووٹ ڈالے جائیں گے۔الیکشن کمیشن نے پرامن اور منصفانہ طریقے سے پولنگ مکمل کرانے کے لیے ضروری انتظامات کیے ہیں۔ آسام میں 2.50 کروڑ سے زیادہ ووٹرز کے لیے کل 28,205 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ کیرالہ میں 2.71 کروڑ سے زیادہ ووٹرز کے لیے 30,471 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ وہیں پڈوچیری میں 9.44 لاکھ سے زیادہ ووٹرز کے لیے 1,099 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ آج صبح سے ہی تمام ووٹرز اپنے پسندیدہ امیدوار کے حق میں ووٹ ڈال رہے ہیں۔ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو ہوگی اور اسی دن انتخابی نتائج آ جائیں گے۔دریں اثنا کیرالہ اسمبلی انتخابات میں جمعرات کی دوپہر کے بعد بھی ووٹرز کی تعداد میں مستقل اضافہ دیکھا گیا اور پولنگ کے جاری اعداد و شمار کے تخمینے کے مطابق شام 4 بجے تک ووٹنگ کا تناسب 70 فیصد کے ہندسے کے قریب پہنچ گیا۔الیکشن کمیشن آف انڈیا کی تازہ ترین سرکاری اپڈیٹ کے مطابق، ریاست میں سہ پہر 3 بجے تک 62.71 فیصد ووٹنگ ریکارڈ کی گئی تھی۔ ووٹنگ کی اس مستقل رفتار کی بنیاد پر، شام 4 بجے تک ٹرن آؤٹ (ووٹنگ کا تناسب) تقریباً 70 فیصد رہنے کا اندازہ لگایا گیا ہے، جو تمام اضلاع میں ووٹرز کی بھرپور شرکت کی عکاسی کرتا ہے۔ووٹر ٹرن آؤٹ کا حتمی فیصد آج رات دیر گئے جاری کیے جانے کی توقع ہے، جب پولنگ کا وقت ختم ہو جائے گا اور الیکشن کمیشن تمام حلقوں سے موصول ہونے والے ڈیٹا کو یکجا کر لے گا۔ دریں اثنا کیرالہ اسمبلی کی 140 سیٹوں کے لیے ووٹنگ جمعرات کی صبح 7 بجے شروع ہوئی اور شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔الیکشن کمیشن نے ریاست میں انتخابات کو پرامن اور منصفانہ انداز میں کرانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے ہیں اور انتخابی اہلکار پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹروں کا خیرمقدم کر رہے ہیں۔ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے لیے صبح سے ہی ریاست کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچنا شروع کر دیا ہے۔اس بار کمیشن نے 85 سال سے زائد عمر کے ووٹروں کو گھر بیٹھے ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کی ہے اور ان کے لیے گاڑی کی سہولت فراہم کرانے کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ریاست کی 126 سیٹوں کے لیے کل 890 امیدوار میدان میں ہیں۔ ریاست میں 30,471 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ ووٹروں کی کل تعداد 2.71 کروڑ ہے، جن میں سے 1.32 کروڑ مرد، 1.39 کروڑ خواتین اور 273 ٹرانس جینڈر ہیں۔کیرالہ میں اصل مقابلہ حکمران لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) اور یونائیٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (یو ڈی ایف) کے درمیان ہے، حالانکہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) بھی یہاں زور آزمائش کررہی ہے۔ تمام امیدواروں کی انتخابی قسمت کا فیصلہ ووٹر آج الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں بند کردیں گے۔ ووٹوں کی گنتی 4 مئی کو ہوگی اور اسی دن نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔دریں اثنا پوڈوچیری اسمبلی انتخابات میں جمعرات کو ریکارڈ ووٹنگ دیکھنے میں آئی، جہاں کل 9.53 لاکھ رائے دہندگان میں سے تخمیناً 86.87 فی صد نے شام 5:00 بجے تک اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر لیا تھا۔












