بہارشریف (ایم ایم عالم) ضلع راجگیر تھانہ علاقہ کے بجیر کنڈ روڈ پر ورنج مندر کے پاس جمعہ کی صبح ایک المناک حادثہ پیش آیا۔ایک تیز رفتار اور بے قابو ڈمپر سڑک کے کنارے ایک بڑے برگد کے درخت سے ٹکرا گیا۔ٹکر اتنی شدید تھی کہ درخت کی ایک بڑی شاخ ٹوٹ کر گر گئی جس سے ایک معصوم بچہ موقع پر ہی جاں بحق اور تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔مرنے والے کی شناخت نوادہ ضلع کے آرا گاؤں کے رہائشی سانو مانجھی کے 7 سالہ بیٹے امرجیت کمار کے طور پر کی گئی ہے۔زخمیوں میں بچے کی ماں شیلا دیوی،بہن شیوانی کماری اور بھائی سمرجیت کمار شامل ہیں۔تمام زخمیوں کا مقامی طور پر علاج کیا جا رہا ہے۔ متوفی کے نانا دشرتھ مانجھی نے بتایا کہ ان کا پورا خاندان کنڈ کمپلیکس کے قریب رہتا ہے اور بھکاریوں اور کچرا چننے کا کام کرتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جمعہ کے روز صبح معمول کے مطابق ان کی بیٹی اپنے بچوں کے ساتھ برگد کے درخت کے نیچے سو رہی تھی کہ اچانک ایک تیز رفتار ڈمپر درخت سے ٹکرا گیا جس سے یہ حادثہ پیش آیا۔واقعہ سے علاقہ مکینوں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔مشتعل ہجوم نے جائے وقوعہ پر ہنگامہ آرائی کی اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے شہر میں بڑی اور بھاری گاڑیوں کے داخلے پر سخت پابندی عائد کی جائے۔راجگیر تھانہ کی پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا۔تھانہ صدر رمن کمار نے بتایا کہ لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بہارشریف بھیج کر پوسٹ مارٹم کے بعد لاش لواحقین کے حوالے کر دی گئی۔












