اولان باتور (منگولیا)، ( یو این آئی) ہندوستانی مکے باز وشوناتھ سریش نے ایشین باکسنگ چیمپئن شپ 2026 میں اپنی مہارت کا لوہا منواتے ہوئے مردوں کے 50 کلوگرام زمرے میں جاپان کے ڈائچی ایوائی کو یکطرفہ مقابلے میں 0-5 سے شکست دے کر سونے کا تمغہ جیت لیا۔ اس شاندار فتح کے ساتھ ہی ہندوستان نے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 5 طلائی تمغوں کے ساتھ اپنی مہم کا اختتام کیا۔اگرچہ ہندوستان 5 سونے کے تمغوں کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر قازقستان سے ایک قدم پیچھے دوسرے نمبر پر رہا، لیکن مجموعی طور پر 16 تمغے جیت کر ہندوستان تمام ممالک میں سرفہرست رہا۔وشوناتھ کے سونے کے تمغے کے علاوہ، سچن (60 کلوگرام) نے سخت مقابلے کے بعد چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ ہندوستانی خواتین ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے 10 تمغے (4 سونا، 2 چاندی، 4 کانسی) جیتے اور خواتین کے ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کی۔خواتین کی ٹیم نے ایشیائی سطح پر اپنی برتری ثابت کی۔ سونے کے تمغے جیتنے والی نمایاں کھلاڑیوں میں میناکشی (48 کلوگرام)،پریتی (54 کلوگرام)،پریا (60 کلوگرام) اور اروندھتی (70 کلوگرام)شامل ہیں ۔علاوہ ازیں، جیسمین اور الفیان پٹھان نے چاندی کے تمغے جیت کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔بی ایف آئی کے صدر اجے سنگھ نے ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا”یہ ہندوستانی باکسنگ، بالخصوص ہماری خواتین مکے بازوں کے لیے ایک تاریخی مہم رہی ہے۔ وشواناتھ جیسے نوجوان ٹیلنٹ کا سامنے آنا ہماری ٹیلنٹ ہنٹ سسٹم کی مضبوطی کا ثبوت ہے۔ ٹیم میں تبدیلیوں کے باوجود کھلاڑیوں نے ایشیا کے مضبوط ترین حریفوں کے خلاف جو ہمت دکھائی ہے، وہ بھارتی باکسنگ کے روشن مستقبل کی علامت ہے۔ ہندوستان نے اس ٹورنامنٹ میں نہ صرف تمغے جیتے بلکہ نئے ٹیلنٹ کی ایک کھیپ بھی متعارف کرائی ہے جو آنے والے اولمپکس اور عالمی مقابلوں میں ہندوستان کی نمائندگی کے لیے تیار نظر آتی ہے۔












