علی گڑھ،سماج نیوز سروس : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ سنّی دینیات اور ہنری مارٹن انسٹی ٹیوٹ (ایچ ایم آئی)، حیدرآباد کے اشتراک سے منعقدہ دو روزہ قومی سیمینار بعنوان ”بقائے باہمی اور عالمی مذاہب“شعبہ کے سینٹرل ہال میں اختتامی نشست کے ساتھ تکمیل کو پہنچا۔ اختتامی اجلاس کی صدارت پدم شری پروفیسر اخترالواسع (جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی) نے کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے کہا کہ اسلام انسانیت اور باہمی احترام کی تعلیم دیتا ہے۔ انہوں نے مذہبی آزادی سے متعلق قرآن کریم کے اصولوں کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ ایمان مختلف کمیونٹیز کے درمیان بقائے باہمی اور ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔ مہمانِ خصوصی مولانا کلب راشد رضوی نے کہا کہ ضبطِ نفس اور خواہشات پر قابو پانا پرامن بقائے باہمی کے لیے نہایت ضروری ہے، کیونکہ اس سے دوسروں کے حقوق کا احترام پیدا ہوتا ہے۔ امارتِ شرعیہ، پٹنہ کے نائب ناظم مفتی ثناء الہدیٰ قاسمی نے منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے سیمینار کو ایک حساس اور اہم موضوع پر بامعنی پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے معاشرے میں ہم آہنگی کے فروغ کے لیے تعمیری مکالمے اور اصلاحی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ سیمینار کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کنوینر اور سابق ڈین فیکلٹی آف تھیالوجی، پروفیسر محمد سعود عالم قاسمی نے بتایا کہ سیمینار میں کل آٹھ نشستیں منعقد ہوئیں، جن میں چھ آف لائن اور دو آن لائن سیشن شامل تھے، جبکہ ملک بھر سے آئے شرکاء نے 98 تحقیقی مقالات پیش کیے۔ انہوں نے بتایا کہ سیمینار کے مقالات کا ایک مجموعہ شائع کیا جا چکا ہے۔ اپنے خصوصی خطاب میں ڈین فیکلٹی آف تھیالوجی پروفیسر محمد حبیب اللہ نے کہا کہ اسلام اپنے بنیادی عقائد کو برقرار رکھتے ہوئے رواداری اور باہمی احترام کی تعلیم دیتا ہے۔ شعبہ کے چیئرمین اور سیمینار ڈائریکٹر پروفیسر محمد راشد نے کہا کہ اس سیمینار کا مقصد امن، ہم آہنگی اور ذمہ دارانہ سماجی رویوں کو فروغ دینا ہے۔ پروگرام میں پروفیسر وحید اللہ قاسمی (ایچ ایم آئی)، ڈاکٹر ونے کمار (جے این یو) اور کے جی پوسنگ لنگ سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر شعبہ کی تھیالوجیکل سوسائٹی کی جانب سے شائع ہونے والے جریدے ”الدین“ کا اجراء بھی عمل میں آیا۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر محمد ناصر نے انجام دئے جبکہ ڈاکٹر محمد عاصم خان نے اظہارِ تشکر کیا۔ سیمینار میں یونیورسٹی اور باہر سے بڑی تعداد میں اساتذہ، محققین اور طلبہ نے شرکت کی، جن میں مولانا فضل الرحیم مجددی، پروفیسر عبیداللہ فہد فلاحی، پروفیسر لطیف الرحمن کاظمی، ڈاکٹر شائستہ پروین اور ڈاکٹر حبیب الرحمن شامل تھے۔ سیمینار کے انعقاد میں اسسٹنٹ کنوینر ڈاکٹر ندیم اشرف اور ڈاکٹر ریحان اختر، کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد عاصم خان اور ڈاکٹر محمد ناصر نے اہم کردار ادا کیا۔












