روہتاس: امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ و جھارکھنڈ پھلواری شریف پٹنہ مسلمانوں کی اجتماعی زندگی کی روشن مثال ہے ،جس نےسو سالوں سے وحدت کلمہ کی بنیاد پر مسلمانوں کو اتحاد کی لڑی میں پروئے رکھنے کا مثالی کارنامہ انجام دیا ہے، جس کے تحت چار ریاستوں کی ہزاروں بستیوں میں بڑی تعداد میں امارت شرعیہ کی تنظیم قائم ہے ،جس ذمہ دار کو نقیب و نائب نقیب کہا جاتا ہے ،ان نقباء و نائبین کا تربیتی و معلوماتی اجلاس وقفے وقفے پر امارت شرعیہ کی جانب سے منعقد ہوتا رہتا ہے، اسی کے پیش نظر امیر شریعت حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہم کی ہدایت اور ناظم امارت شرعیہ حضرت مولانا مفتی محمد سعید الرحمن قاسمی صاحب کی ایما پرضلع روہتاس میں امارتِ شرعیہ بہار، اڑیسہ و جھارکھنڈ، پھلواری شریف پٹنہ کی جانب سےنقباء و نائبین کا ایک اہم اور خصوصی معلوماتی و تربیتی اجلاس اور ایک اجلاس عام 10/ مئی کو ڈہری اون سون میں منعقد ہونے جا رہا ہے ان خیالات کا اظہار امارت شرعیہ کے معاون ناظم جناب مولانا احمدحسین قاسمی مدنی نے اجلاس کی تیاری سے متعلق ڈہری اون سون کی وسیع جامع مسجد میں منعقد میٹنگ میں کیا،مزید انہوں نے کہا کہ اس اجلاس کی صدارت مفکر ملت حضرت امیر شریعت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہم فرمائیں گے ،اور آپ کے علاوہ و دیگرممتاز علماء کرام اور امارتِ شرعیہ کے ذمہ داران بھی اجلاس سے خطاب کریں گے ، مولانا موصوف نے پروگرام کی اہمیت بتاتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں حالات کے پیش نظرمسلمانوں کے دینی، سماجی اور تعلیمی حالات کو بہتر بنانے پر خصوصی زور دیا جائے گا۔اس موقع پر امارت پبلک اسکول کے ذمہ دار جناب مولانا ابوالکلام شمسی صاحب معاون ناظم امارت شرعیہ نے اجلاس کے اغراض و مقاصد کو واضح کرتے ہوئے فرمایا کہ10/ مئی کو منعقد ہونے والے خصوصی تربیتی اجلاس میں مساجد کے نظام کو مستحکم کرنے، مکاتب کے معیار کو بہتر بنانے اور نئی نسل کی دینی و عصری تعلیم کو فروغ دینے جیسے اہم موضوعات زیرِ بحث آئیں گے۔ اسی کے ساتھ امتِ مسلمہ کو اتحاد و اتفاق کے ساتھ ایک جماعت بن کر زندگی گزارنے کی ترغیب دی جائے گی، اس موقع پر آپ نے ضلع روہتاس میں امارت شرعیہ کی جانب سے قیام اسکول کے تقاضے کے پیش نظر بھی گفتگو کی،جس پر حاضرین نے کما حقہ تعاون کا یقین دلایا۔میٹنگ کی صدارت قاضیِ شریعت ضلع روہتاس مولانا احسان الحق قاسمی صاحب نے فرمائی۔ واضح رہے کہ اس اجلاس میں آئندہ 10 مئی کے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے مختلف امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور تیاری کے لیے ایک مجلس استقبالیہ کا انتخاب عمل میں آیاہے،جس کے ذمہ داران کو ضروری ہدایات بھی دی گئیں،باتفاق رائے اس منعقد ہونے والے عظیم الشان اجلاس کے کنوینر قاضی شریعت جناب مولانا احسان الحق قاسمی صاحب کو منتخب کیا گیا جبکہ عمومی نگرانی شعبہ تنظیم کے انچارج جناب مولانا مفتی محمدسہراب ندوی قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ اورجناب مولانا احمدحسین قاسمی مدنی معاون ناظم امارت شرعیہ فرمائیں گے۔قابل ذکر ہے کہ اس مشاورتی میٹنگ میں یہ بات طے پائی کہ یہ دونوں اجلاس ڈہری اون سون کے مشہور مقام انجینیئر للن سنگھ اسپورٹ کلب ذکی بیگھہ میں منعقد ہوں گے، اجلاس نقباء کا وقت اتفاق رائے سے 10 مئی کوصبح 9/بجے سے اور اجلاس عام اسی تاریخ کو بعد نماز مغرب ہونا طے پایا ہے،شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس اہم اجلاس کو ہر لحاظ سے کامیاب بنایا جائے گا اور ضلع میں دینی و سماجی اصلاح کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی۔اللہ نے چاہا تو ضلع روہتاس میں یہ پروگرام ملت اسلامیہ کی تعلیمی و دینی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔اس میٹنگ میںحضرات مبلغین امارت شرعیہ میں سے جناب مولانا مزمل حسین قاسمی ،جناب مولانا محمد رفیع احمد ندوی، جناب مولانا عبدالجبارحسامی، جناب مولانا نعمان قاسمی، جناب مولانا خالد انور قاسمی، جناب مولانا عثمان رحیمی، جناب مولانا توحید صاحب رحمانی،جناب مولوی فیروز صاحب ،قاری شفیع اللہ صاحب اور جناب مولانا نوشاد قاسمی کے نام خصوصیت کے ساتھ شامل ہیں، اس کے علاوہ جناب مولانا عارف ندوی صاحب نائب قاضی شریعت دارالقضاء فلاح الدارین ڈہری اون سون اوردیگر علماء، ائمہ ، معززینِ شہر اور دانشورانِ ضلع روہتاس کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔












