نئی دہلی، (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے خواتین کو لوک سبھا اور اسمبلیوں میں ایک تہائی ریزرویشن فراہم کرنے سے متعلقناری شکتی وندن ادھینیم کے نفاذ کے لیے لائے جانے والے ترمیمی بل کو 21ویں صدی کا سب سے بڑا فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مکمل طور پر ناری شکتی کے لیے وقف ہے۔ وزیراعظم نے اسے تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی پارلیمنٹ ایک نئی تاریخ رقم کرنے کے قریب ہے جو ماضی کے تصورات اور مستقبل کے عزائم کو پورا کرے گی۔مسٹر مودی نے جمعرات کو پارلیمنٹ میں پیشن کیئے جانے والے اس ترمیمی بل سے قبل پیر کو یہاں وگیان بھون میں ناری شکتی وندن پروگرام سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان 21ویں صدی کے سب سے بڑے فیصلوں میں سے ایک کرنے جا رہا ہے، ایک ایسا فیصلہ جوناری شکتی کے لیے وقف ہے۔ انہوں نے اس لمحے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ سماجی انصاف کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ملک ایک ایسے مساوی ہندوستان کا تصور کرتا ہے جہاں سماجی انصاف محض ایک نعرہ نہیں بلکہ کام کرنے کے کلچر کا لازمی حصہ ہو۔ وزیراعظم نے کہا کہ ریاستی اسمبلیوں سے لے کر ملک کی پارلیمنٹ تک، دہائیوں کا انتظار اب ختم ہونے والا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ سال 2023 میں نئی پارلیمنٹ کی عمارت میں ناری شکتی وندن ادھینیم کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا تھا اور تمام جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ اسے ہر حال میں 2029 تک نافذ کیا جانا چاہیے۔












