پٹنہ، (یو این آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما سمراٹ چودھری نے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب ہونے کے بعد آج شام گورنر عطا حسنین سے ملاقات کی اور اراکین اسمبلی کا حمایتی خط سونپ کر نئی حکومت بنانے کا باضابطہ دعویٰ پیش کیا۔ مسٹر چودھری نے بہار میں بی جے پی کے انچارج ونود تاوڑے، مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیا نند رائے، ہندوستانی عوام مورچہ (ہم) کے صدر اور مرکزی وزیر جیتن رام مانجھی اور دیگر معزز رہنماؤں کے ہمراہ آج شام لوک بھون میں گورنر سے ملاقات کی۔ انہوں نے بی جے پی کی قیادت میں بننے والی اگلی حکومت کے لیے حمایتی خط پیش کرتے ہوئے اسمبلی میں اتحاد کی اکثریت کا دعویٰ کیا۔ اس سے قبل مسٹر چودھری کو متفقہ طور پر بی جے پی قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا تھا اور بعد ازاں انہیں ریاست میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کا لیڈر بھی قرار دیا گیا۔ گورنر مسٹر حسنین نے مسٹر چودھری کے دعوے کو قبول کرتے ہوئے انہیں حکومت سازی کی دعوت دی ہے۔ مسٹر چودھری 15 اپریل کی صبح 10:50 بجے چند وزراء کے ساتھ وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر سمراٹ چودھری کو قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کر لیا گیا ہے۔ اسمبلی کے سینٹرل ہال میں منعقدہ اجلاس میں مسٹر چودھری کو این ڈی اے قانون ساز پارٹی کا لیڈر چنا گیا۔ وزیر اعلیٰ نیتیش کمار نے مسٹر چودھری کو ہار پہنا کر ایوان میں ان کا استقبال کیا اور انہیں این ڈی اے قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کرنے کی تجویز پیش کی، جسے اراکین اسمبلی نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ بی جے پی قانون ساز پارٹی کا لیڈر بننے کے ساتھ ہی مسٹر چودھری کے وزیر اعلیٰ بننے کا راستہ پہلے ہی صاف ہو گیا تھا۔ نئے سیاسی حالات کے مطابق وزیر اعلیٰ نیتیش کمار کے راجیہ سبھا جانے کے فیصلے کے بعد بہار میں وزیر اعلیٰ کا عہدہ بی جے پی کے حصے میں جانا طے پا گیا تھا۔ مسٹر چودھری این ڈی اے قانون ساز پارٹی کے لیڈر منتخب ہونے کے بعد اب گورنر سے ملاقات کر کے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کریں گے۔ طے شدہ پروگرام کے مطابق 15 اپریل کی صبح گورنر سید عطا حسین لوک بھون میں مسٹر چودھری کو وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف دلائیں گے۔ بہار اسمبلی کے اسپیکر ڈاکٹر پریم کمار نے سمراٹ چودھری کو متفقہ طور پر قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب ہونے پر دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ ڈاکٹر پریم کمار نے کہا کہ سمراٹ چودھری کو این ڈی اے قانون ساز پارٹی کے لیڈر کے طور پر نئی ذمہ داری ملنے سے بہار میں ایک نئے سیاسی عہد کا آغاز ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ ان کے طویل سیاسی تجربے، تنظیمی صلاحیت اور عوامی خدمت کے لیے ان کے جذبے کی علامت ہے۔ ڈاکٹر پریم کمار نے مزید کہا کہ انہیں مکمل یقین ہے کہ مسٹر چودھری اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری، ایمانداری اور لگن کے ساتھ نبھائیں گے اور بہار کو ترقی، خوشحالی اور سماجی انصاف کی راہ پر گامزن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر چودھری اپنی محنت، قائدانہ صلاحیتوں اور انتظامی فہم و فراست سے بہار کی ترقی کو نئی جہت دیں گے۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر سنجے سراوگی نے سمراٹ چودھری کو قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب ہونے پر مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ مسٹر سراوگی نے کہا کہ انہیں مکمل یقین ہے کہ بی جے پی کے سابق ریاستی صدر سمراٹ چودھری کی قیادت میں خدمت، گڈ گورننس اور ترقی کو نئی رفتار ملے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسٹر چودھری کا دورِ اقتدار عوامی فلاح و بہبود کے نئے ریکارڈ قائم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسٹر چودھری کی مضبوط، تجربہ کار اور دور اندیش قیادت یقیناً تنظیم کو نئی بلندیوں تک لے جائے گی اور عوامی خدمت کے عزم کو مزید استحکام بخشے گی۔ مسٹر سراوگی نے مزید کہا کہ سمراٹ چودھری کی قیادت میں بہار کی ترقی کی رفتار مزید تیز ہوگی اور انصاف کے ساتھ ترقی کے عزم کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے مسٹر چودھری کے کامیاب اور عوامی فلاح پر مبنی دورِ اقتدار کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔ مسٹر سراوگی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سمراٹ چودھری وفاداری، لگن اور ایمانداری کے ساتھ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں نیتیش کمار کے ترقی یافتہ بہار بنانے کے عزم کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیتیش کمار نے بہار کی ترقی، خوش اسلوبیِ نظام اور خوشحالی کے نئے معیارات قائم کیے ہیں، اب ان معیارات کو آگے بڑھانے میں سمراٹ چودھری کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بہار اب تیزی سے ترقی کی راہ پر آگے بڑھے گا۔












