دیوبند ،سماج نیوز سروس: جامعہ زینب للبنات دیوبند میں آج ایک نہایت اہم، روح پرور اور اصلاحی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں معروف عالمِ دین مفتی محمد امجد نے طالبات سے خصوصی خطاب کیا۔ مفتی امجد نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسان کی کامیابی کا اصل راز اپنے رب کی پہچان میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے ربوبیتِ الٰہی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہی خالق، مالک اور رازق ہے، جو ہر لمحہ اپنی مخلوق کی نگرانی اور پرورش فرما رہا ہے۔ انسان کی زندگی کا مقصد یہی ہے کہ وہ اپنے رب کی معرفت حاصل کرے اور اسی کی بندگی میں اپنی زندگی گزارے۔انہوں نے عہدِ الست کا تفصیلی ذکر کرتے ہوئے قرآنِ کریم کی آیت کی تفسیر بیان کی اور کہا کہ یہ وہ عظیم عہد ہے جو ہر روح نے اللہ تعالیٰ کے سامنے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی زندگی دراصل اسی عہد کی یاد دہانی ہے اور انسان کی کامیابی اسی میں ہے کہ وہ اس وعدے کو پورا کرے۔ طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی زندگی کے ہر معاملے میں اللہ کی اطاعت کو مقدم رکھیں اور اپنے مقصدِ حیات کو نہ بھولیں۔علمِ دین کی فضیلت پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علم وہ نور ہے جو انسان کو جہالت کے اندھیروں سے نکال کر ہدایت کی روشنی میں لے آتا ہے۔ انہوں نے قرآنِ کریم کی آیت کا حوالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ اہلِ ایمان اور اہلِ علم کے درجات بلند فرماتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علم کے ساتھ عمل اور اخلاص بھی ضروری ہے، ورنہ علم بے فائدہ رہ جاتا ہے۔دنیا کی حقیقت پر روشنی ڈالتے ہوئے مفتی امجد نے کہا کہ یہ دنیا عارضی ہے اور ایک آزمائش گاہ ہے۔ انہوں نے قرآنِ پاک کی آیت کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی چمک دمک محض دھوکہ ہے، اصل زندگی آخرت کی ہے۔ انہوں نے حدیثِ مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مومن کو دنیا میں صبر، تقویٰ اور احتیاط کے ساتھ زندگی گزارنی چاہیے اور ہر حال میں آخرت کو سامنے رکھنا چاہیے۔انہوں نے طالبات کو نصیحت کی کہ وہ اپنے وقت کو قیمتی سمجھیں، علم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے اخلاق اور کردار کو بھی سنواریں، اور معاشرے میں ایک مثالی مسلمان خاتون کا کردار ادا کریں۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ کے احترام، پردے کی اہمیت اور دینی ماحول کی قدر کرنے پر بھی زور دیا۔اس موقع پر ادارہ کے ذمہ دار مولانا حسین احمد مدنی،معہد علمی کے مہتمم مفتی احمد سعد،مولانا خالد عزیر ،مفتی طیب صدیقی،مولانا صادق صمدانی،مولانا شارب کمال ،مولانا فیصل ،مولانا ولی اللہ سمیت ادارہ کاعملہ اور بڑی تعداد میں طالبات موجود رہیں۔ آخر میں ادارہ کی جانب سے مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کیا گیا اور ان کے لیے دعا کی گئی۔ واضح رہے کہ جامعہ زینب للبنات دیوبند میں طالبات کی دینی، اخلاقی اور فکری تربیت کے لیے اس نوعیت کے پروگرامز کا باقاعدگی سے انعقاد کیا جاتا ہے، جو ان کی شخصیت سازی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔












