میڈرڈ، (یو این آئی) ایتھلیٹک بلباؤ کے دفاعی کھلاڑی ایمیرک لاپورٹے کی ہیمسٹرنگ انجری کے بعد اسپین کے ورلڈ کپ اسکواڈ میں ان کی شمولیت مشکوک ہو گئی ہے۔لاپورٹے کو اوساسونا کے خلاف 0-1 کی جیت کے دوران دوسرے ہاف کے وسط میں انجری کے باعث میدان چھوڑنا پڑا، جس کے بعد ان کی جگہ ڈینی ویویان کو لایا گیا۔ایتھلیٹک بلباؤ کے کوچ ایرنیستو والورڈے نے میچ کے بعد بتایا کہ لاپورٹے کو پٹھے میں کھنچاؤ (اسٹرین) آیا ہے، تاہم انہوں نے ان کی واپسی کے وقت کے بارے میں کچھ نہیں کہا۔ادھر اسپین کے کوچ لوئیس ڈی لا فوینتے 24 مئی کو لا لیگا سیزن کے اختتام کے بعد ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان کریں گے، جبکہ اسپین اپنی مہم کا آغاز 15 جون کو کیپ وردے کے خلاف کرے گا۔31 سالہ لاپورٹے، جو مئی کے آخر میں 32 برس کے ہو جائیں گے، کے پاس فٹ ہونے کے لیے زیادہ وقت نہیں ہے، جس سے ان کی شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔












