بلال بزاز
سرینگر، 21جنوری، سماج نیوز سروس: جموں کے ناروال علاقے میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب علاقے میں دو پُر اسرار دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 9افراد زخمی ہو گئے جن کو علاج کیلئے میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا ۔ ادھر دھماکوں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قصور واروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔ انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والوں کیلئے 50 ہزارفی کس دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ بہترین علاج کو یقینی بنائے گی اور اہل خانہ کو درکار ہر مدد فراہم کرے گی۔تفصیلات کے مطابق جموں کے ناروال علاقے میں ہفتہ وار کو اس وقت افر اتفری کا ماحول پھیل گیا جب علاقہ دو دھماکوں کی آواز سے گونج اٹھا ۔ معلوم ہوا ہے کہ ایک کے بعد دوسرا دھماکہ علاقہ میں ہوا جس کے ساتھ ہیں وہاں افر اتفری کا ماحول پھیل گیا اور لوگ اپنی جانوں کو بچانے کیلئے محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو گئے ۔ دھماکوں کی آواز سنتے ہی پولس و سی آر پی ایف اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے اہلکار وہاں پہنچ گئے جنہوں نے وہاں سات افراد کو خون میں لت پت پایا جس کے بعد انہیں علاج کیلئے گورئمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا اور علاقے کو گھیرے میں لیکر تلاشی آپریشن بڑے پیمانے پر شروع کر دیا گیا ۔ایڈیشنل ڈائریکٹر آف پولس جموں زون مکیش سنگھ نے ا س کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے میں پہلے ایک دھماکہ ہوا جس کے بعد 20منٹ کے بعد ایک اور دھماکہ ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں دھماکوں میں 9 افراد زخمی ہو گئے جن کو اسپتا ل علاج کیلئے منتقل کیا گیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاملے کی نسبت کیس درج کر لی گئی ہے اور تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔ ادھر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں کے ناروال میں آج صبح ہوئے دھماکوں کی سخت مذمت کی ہے۔ سینئر پولس حکام نے لیفٹیننٹ گورنر کو دھماکے اور تحقیقات کی حالت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ذمہ داروں کی نشاندہی اور ان کے خلاف کارروائی کے لیے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے افسران کو ہدایت دی ہے کہ اس طرح کی گھناؤنی حرکتیں ذمہ داروں کی مایوسی اور بزدلی کو اجاگر کرتی ہیں۔
فوری اور ٹھوس اقدام کریں۔ قصورواروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جانی چاہیے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والوں کو 50 ہزار روپے کی امداد کا علان کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ بہترین علاج کو یقینی بنائے گی اور اہل خانہ کو درکار ہر مدد فراہم کرے گی۔












