سید پرویز قیصر
گجرات ٹائٹنس کے سائی سدرشن انڈین پریمیر لیگ میں سب سے کم اننگوں میں دو ہزار رن بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ رائل چیلنجرس بنگلورو کے خلاف بنگلورو میں کھیلے گئے میں میں گجرات ٹائٹنس کی جانب سے کھیلتے ہوئے76 منٹ میں58 بالوں پر گیارہ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے پورے سو رن بنائے ۔ اس اننگ کے دوران وہ انڈین پریمیر لیگ میں دو ہزار رن مکمل کرنے میں بھی کامیاب ہوئے۔
اس میچ کے اختتام تک بائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے2022 سے اب تک جو47 میچ کھیلے ہیں انکی 47 اننگوں میں47.16 کی اوسط اور146.95 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ تین سنچریوں اور 13 نصف سنچریوں کی مدد سے2028 رن بنائے ہیں۔ وہ ایک مرتبہ صفر کا شکار ہوئے ہیں اور ان کا سب سے زیادہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر108 رن ہے جو انہوں نے80 منٹ میں61 بالوں پر12 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے دہلی میں18 مئی2025 کو گجرات ٹائٹنس کی جانب سے بنایا۔ اس میچ میں انکی ٹیم نے دس وکٹ سے جیت اپنے نام کی تھی۔
انڈین پریمیر لیگ میں ان سے پہلے سب سے کم اننگوں میں دو ہزار رن بنانے کا اعزاز ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کریس گیل کے پاس تھا جنہوں نے49ویں میچ کی48 ویں اننگ میں ایسا کیا تھا۔ اس میچ کے اختتام تک بائیںہاتھ کے اس بلے باز نے50.30 کی اوسط اور159.80 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ تین سنچریوں اور14 نصف سنچریوں کی مدد سے2012 رن بنائے تھیْ وہ تین مرتبہ صفر کا شکار ہوئے تھے اور اس میچ تک ان کا سب سے زیادہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر128 رن تھا جو انہوں نے رائل چیلنجرس بنگلورو کی جانب سے دہلی کیپٹلس کے خلاف دہلی میں17 مئی2012 کو95 منٹ میں62 بالوں پر سات چوکوں اور تیسرہ چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ اس میچ میں انکی ٹیم21 رن سے جیتی تھی۔
آسڑیلیا سے تعلق رکھنے والے شین مارش انڈین پریمیر لیگ میں تیسرے سب سے تیز دو ہزار رن مکمل کرنے والے بلے باز ہیں۔ انہوں نے53 ویں میچ کی52 ویں اننگ میں ایسا کیا تھا۔ وہ44.30 کی اوسط اور134.07 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ایک سننچری اور سترہ نصف سنچریوں کی مدد سے2038 رن بنائے تھے۔ وہ ایک مرتبہ صفر کا شکار ہوئے تھے اور اس میچ تک ان کا سب سے زیادہ اسکور115 رن کا رہا تھا جو انہوں نے پنجاب کنگس کی جانب سے راجستھان رائلز کے خلاف موہالی میں28 مئی2008 کو 69 بالوں پر گیارہ چوکوں اور سات چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ اس میچ میںانکی ٹیم کو 41 رن سے کامیابی ملی تھی۔ اس سنچری کے علاوہ وہ انڈین پریمیر لیگ میں دوسری کوئی سنچری نہیں بناسکے تھے۔
انڈین پریمیر لیگ میں ریتو راج گائیکواڑ چوتھے سب سے تیز دو ہزار رن مکمل کرنے والے بلے باز ہیں۔ دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے
58 ویں میچ کی57 ویں اننگ کے دوران یہ سنگ میل عبور کیا تھا۔ وہ39.62 کی اوسط اور134.91 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ ایک سنچری اور نصف سنچریوں کے ساتھ2021 رن بنانے میں کامیاب رہے تھے۔ چار مرتبہ وہ اپنا کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے تھے اور اس میچ تک ان کا سب سے زیادہ اسکور آوٹ ہوئے بغیر101 رن تھا جو انہوں نے چنئی سپر کنگس کی جانب سے راجستھان رائلز کے خلاف ابو ظبہی میں2 اکتوبر2021 کو113 منٹ میں60 بالوں پر نو چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ اس میچ میں انکی ٹیم سات وکٹ سے ہارگئی تھی۔












