نئی دہلی ،سماج نیوز سروس: عام آدمی پارٹی نے پنجاب کے عوام کے ساتھ غداری کرکے بی جے پی میں شامل ہونے والے راگھو چڈھا سمیت تمام اراکینِ پارلیمنٹ کی رکنیت ختم کرنے کے لیے راجیہ سبھا کے چیئرمین اور نائب صدرِ جمہوریہ کو اپنی عرضی بھیج دی ہے۔ اتوار کو یہ معلومات شیئر کرتے ہوئے سینئر لیڈر اور رکنِ پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے کہا کہ آئینی ماہرین بھی یہ مان رہے ہیں کہ عام آدمی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے تمام اراکین کی رکنیت ختم ہونا طے ہے۔ ان ساتوں اراکین نے نہ صرف آپ سے غداری کی ہے بلکہ پنجاب کے عوام، جمہوریت اور آئین کے ساتھ بھی دھوکہ کیا ہے۔ بی جے پی توڑ پھوڑ کی سیاست میں ماہر ہے۔ وہ پہلے ای ڈی اور سی بی آئی کے ذریعے اپوزیشن لیڈروں کو ڈراتی ہے اور پھر انہیں اپنی پارٹی میں شامل کر لیتی ہے۔ آئین کے ماہرین، ملک کے سینئر وکیل اور آئینی ماہرین جیسے کپل سبل، پی ڈی ٹی آچاریہ سمیت کئی لوگوں نے واضح کر دیا ہے کہ جن سات افراد نے عام آدمی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے، ان سب کی رکنیت یقینی طور پر ختم ہوگی۔ ہفتہ کے روز میڈیا سے گفتگو میں این ڈی اے سے وابستہ سپریم کورٹ کے ایک وکیل نے بھی صاف کہا کہ ان لیڈروں کی رکنیت ہر حال میں جائے گی۔ سنجے سنگھ نے مزید کہا کہ تمام ماہرین سے بات چیت اور کپل سبل کی رائے لینے کے بعد انہوں نے راجیہ سبھا کے چیئرمین اور ملک کے نائب صدر کو ایک عرضی بھیجی ہے۔ اس عرضی میں درخواست کی گئی ہے کہ آئین کی دسویں شیڈول کے اصولوں کے مطابق ان ساتوں اراکین کی رکنیت مکمل طور پر ختم کی جائے۔ انہوں نے نائب صدر (چیئرمین) سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی جلد از جلد سماعت کی جائے اور منصفانہ فیصلہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی اس لیے ضروری ہے کیونکہ جب کوئی لیڈر کسی ایک پارٹی سے منتخب ہو کر آتا ہے تو اس کے بعد ای ڈی، سی بی آئی اور دیگر تفتیشی ایجنسیوں کا غلط استعمال کرکے اسے توڑا جاتا ہے اور بی جے پی اسے اپنی پارٹی میں شامل کر لیتی ہے، جو سراسر غلط ہے۔ یہ جمہوریت کے ساتھ بڑا دھوکہ ہے۔












