لکھنؤ، (یو این آئی) سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے غازی پور کے کرنڈا کٹاریا معاملے کو لے کر ریاستی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیانات بدلوانے سے حقیقت نہیں بدلتی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اتر پردیش نے ایسا کمزور وزیر اعلیٰ کبھی نہیں دیکھا جو ظلم کا شکار غریب اور بے بس متاثرین پر دباؤ ڈال کر ان کے بیانات تبدیل کراتا ہو۔اتوار کو جاری اپنے بیان میں اکھلیش یادو نے کہا کہ اس معاملے میں کئی سنگین سوالات اب بھی جواب طلب ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایف آئی آر درج کرنے میں اتنی تاخیر کیوں ہوئی، بیانات کیوں تبدیل کرائے گئے، متاثرہ خاندان کو مزید کیوں ہراساں کیا جا رہا ہے، پولیس پر پتھراؤ کرنے والے بااثر عناصر کے خلاف کارروائی کرنے سے کس نے روکا اور پوسٹ مارٹم رپورٹ پر سوالات کیوں کھڑے ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حقیقت سب کو معلوم ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کچھ بھی کہے، گاؤں کے ہر گھر کو زمینی حقیقت کا علم ہے۔ لوگ جانتے ہیں کہ اصل میں کیا ہوا اور کیا کہلوایا جا رہا ہے۔ اس سے گاؤں کے ہر طبقے میں بی جے پی کے مبینہ جھوٹ کی بات پھیل چکی ہے اور پی ڈی اے سماج میں شدید غصہ اور ناراضگی پائی جا رہی ہے۔اکھلیش یادو نے غازی پور کی بیٹی کے قتل کے معاملے کا موازنہ ہاتھرس کے واقعے سے کرتے ہوئے کہا کہ دونوں واقعات میں ایک جیسی بات ہے کہ متاثرہ خاندان پی ڈی اے سماج سے تعلق رکھتے تھے جبکہ مظلوموں پر ظلم کرنے والے بااثر طبقے سے تھے۔ انہوں نے کہا کہ محض دکھاوے کی کارروائی سے متاثرہ خاندان کو انصاف نہیں مل سکتا۔انہوں نے کہا کہ اس ناانصافی کی بنیادی وجہ معاشرے میں موجود امتیاز ہے۔ اسی لیے سماج وادی پارٹی صرف انصاف کا راج نہیں بلکہ سماجی انصاف کا راج قائم کرنے کی بات کرتی ہے، جو سب سے بڑا مقصد ہونا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سماجی انصاف کا راج قائم کرنے کا پی ڈی اے مشن آزادی کے بعد ایک اور حقیقی آزادی کی تحریک ہے جو لوگوں کے نظریات بدلنے کی کوشش کرتی ہے۔ برابری ایک احساس ہے جو نفرت سے نہیں بلکہ خلوص سے پیدا ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جس دن استحصال کرنے والے اور استحصال سہنے والے کے درمیان فرق ختم ہو جائے گا اور لوگ دل سے مساوات کو قبول کر لیں گے، وہی دن حقیقی آزادی لے کر آئے گا۔












