لکھنو، (یو این آئی) وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ریزرو پولیس کی تربیت کے دوران بیٹیوں نے جس مضبوطی، مستعدی، لگن اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابلِ تعریف ہے۔ نظم و ضبط اور ٹیم ورک کا بہترین جذبہ سب سے بڑی طاقت ہوتا ہے۔ ان تمام خوبیوں کو ساتھ لے کر ملک کے لیے بہترین خدمات انجام دینے کا جذبہ وردی پوش فورس کا سب سے اہم جز ہے۔ تربیت میں جتنا پسینہ بہے گا بعد کی زندگی میں اتنا ہی کم خون بہانے کی نوبت آئے گی۔یوگی اتوار کو 60,244 سپاہی شہری پولیس براہِ راست بھرتی کے تحت سال 2025 بیچ کے پولیس اہلکاروں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ریزرو پولیس لائن میں منعقدہ پروگرام میں وزیر اعلیٰ نے پریڈ کا معائنہ کیا اور سلامی بھی لی۔ انہوں نے تربیت مکمل کرکے پاسنگ آؤٹ تقریب میں شریک ہونے والی خواتین سپاہیوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ سب نے محنت اور نظم و ضبط کے ساتھ سخت تربیت حاصل کی ہے۔ اب آپ سب کو اضلاع میں فیلڈ ڈیوٹی انجام دینی ہے۔ یاد رکھیں قانون مجرموں کے لیے جتنا سخت ہو شہریوں کے لیے اتنا ہی حساس ہونا چاہیے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام سپاہی تربیت سے حاصل شدہ علم، مہارت اور اقدار کو بروئے کار لاتے ہوئے دیانتداری، اخلاص اور فرض شناسی کے ساتھ اتر پردیش پولیس کی شاندار روایت کو آگے بڑھائیں گے۔انہوں نے کہا، آج ریاست کے 10 پولیس تربیتی اداروں، 73 اضلاع کی پولیس لائنز، 29 پی اے سی بٹالینز اور 112 ریکروٹ ٹریننگ سینٹروں میں بیک وقت سپاہیوں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد کی جا رہی ہے۔












