اسلام آباد، (یو این آئی) عباس عراقچی مسقط کا دورہ مکمل کرنے کے بعد دوبارہ پاکستان پہنچ گئے۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق عباس عراقچی مسقط سے اسلام آباد پہنچے، جہاں نور خان ایئر بیس پر ان کا استقبال محسن نقوی اور رضا امیری مقدم نے کیا۔ذرائع کے مطابق وہ پاکستانی حکام کے ساتھ خطے میں جاری تازہ سفارتی مشاورت پر تبادلہ خیال کریں گے۔واضح رہے کہ ایرانی وزیر خارجہ نے سہہ ملکی دورے کا آغاز اسلام آباد سے کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے مسقط کا دورہ کیا اور اب دوبارہ پاکستان پہنچے ہیں، جہاں سے وہ ماسکو روانہ ہوں گے۔ذرائع کے مطابق عباس عراقچی کی قیادت میں وفد کا دورہ پاکستان مثبت رہا، جس میں شہباز شریف اور عاصم منیر سے ملاقاتیں شامل تھیں۔ان ملاقاتوں کے نتیجے میں آئندہ 48 گھنٹوں میں امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے اگلے دور کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔












