سید پرویز قیصر
انڈین پریمیر لیگ کے موجودہ سیزن میں ان وکٹ کیپروں کا بول بالا ہے جو اچھے بلے باز ہیں۔ ابھی تک جو48 میچ ہوئے ہیں اس میں آٹھ کھلاڑیوں نے نو سنچریاں بنائی ہیں جس میں سے پانچ سنچریاں چاروکٹ کیپر بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔ چنئی سپر کنگس کے سنجو سیمسن نے دو سنچریاں بنائی ہیں جبکہ دہلی کیپٹلس کے لوکیش راہول اس مرتبہ سب سے بڑا انفرادی اسکور کرنے میں کامیاب رہے ہیں جو انڈین پریمیر لیگ میں دوسرا سب سے بڑا اسکور ہے۔
لوکیش راہول نے دہلی کیپٹلس کی جانب سے آوٹ ہوئے بغیر152 رن بنائے جو اس مرتبہ کسی بھی بلے باز کا سب سے زیادہ اسکور اور انڈین پریمیر لیگ میں دوسرا سب سے زیادہ اسکور ہے۔ یہ انڈین پریمیر لیگ میں تیسراا سب سے زیادہ اسکور ہونے کے ساتھ ساتھ کسی وکٹ کیپر کا دوسراسب سے زیادہ اسکور بھی ہے۔انہوں نے پنجاب کنگس کے خلاف25 اپریل 2026 کو دہلی میں 112 منٹ میں67 بالوں پر16 چوکوں اور نو چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ اس میچ میں انکی ٹیم کو چھ وکٹ سے شکست ہوئی تھی۔ وہ اس مرتبہ ابھی تک سب سے زیادہ رن بنانے کے ساتھ ساتھ سب سے بڑی اننگ کھیلنے والے بلے باز بھی ہیں۔
انڈین پریمیر لیگ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور بنانے کا اعزاز ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے کریس گیل کے پاس ہے۔ جنہوں نے رائل چیلنجرس بنگلور کی جانب سے پونہ وایرس کے خلاف بنگلور میں23 اپریل2013 کو ہوئے میچ میں102 منٹ میں66 بالوں پر13 چوکوں اور17 چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر 175 رن بنائے تھے۔ یہ ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی ہے۔ اس اننگ میں انہوں نے جو اٹھارہ چھکے مارے تھے وہ انڈین پریمیر لیگ میں ایک اننگ میں سب سے زیادہ اور ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں ایک اننگ میںدوسرے سب سے زیادہ چھکے ہیں۔
جس وکٹ کیپر کے پاس انڈین پریمیر لیگ میں سب سے بڑا انفرادی اسکور بنانے کا اعزاز ہے وہ نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے برینڈن میکولم ہیں۔ کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس کی جانب سے کھیلتے ہوئے رائل چیلنجرس بنگلورو کے خلاف بنگلورو میں18 اپریل2008 کو انہوں نے73 بالوں پر دس چوکوں اور 13 چھکوں کی مدد سے آوٹ ہوئے بغیر158 رن بنائے تھے۔ انڈین پریمیر لیگ میں یہ پہلی سنچری بھی تھی۔
سنجو سیمسن نے موجودہ سیز ن میں ا نکی پہلی سنچری آوٹ ہوئے بغیر115 رن تھے جو انہوں نے دہلی کیپٹلس کے خلاف چنئی میں11 اپریل2026 کو103 منٹ میں56 بالوں پر پندرہ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے بنایا تھا۔ اس میچ میں انکی ٹیم کو23 رن سے کامیابی ملی تھی۔ اس سیزن میں یہ چوتھا سب سے بڑا اسکور ہے۔ دوسری سنچری انہوں نے ممبئی انڈینس کے خلاف ممبئی میں23 اپریل2026 کو 109 منٹ میں54 بالوں پر دس چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے بنائی تھی۔ وہ101 رن بناکر ناٹ آوٹ رہے تھے اور انکی ٹیم اس میچ میں 103 رن سے فاتح رہی تھی۔
سنجو سیمسن نے انڈین پریمیر لیگ میں ابھی تک125 میچوں کی120 اننگوں میں تین سنچریاں اسکور کی ہیں اور وہ انڈین پریمیر لیگ میں مشترکہ طور پر سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے وکٹ کیپر ہیں۔ جنوبی افریقہ کے کونٹن ڈی کوک اورہندوستان کے لوکیش راہول بھی تین۔تین سنچریاں بنانے والے وکٹ کیپر ہیں۔












