نئی دہلی ، سماج نیوز سروس:اداکار سے سیاستداں بنے تھلاپتی وجے تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ عہدہ کی حلف برداری کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ اس حلف برداری سے عین قبل انھیں بری خبر ملی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق ان کے خلاف مبینہ انکم ٹیکس بے ضابطگیوں کے معاملہ میں ایف آئی آر درج کرنے کے مطالبہ پر مدراس ہائی کورٹ میں ایک رِٹ پٹیشن داخل کی گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ معاملہ 2015 میں ریلیز فلم ’پُلی‘ سے جڑا ہوا ہے۔ ہائی کورٹ کی رجسٹری نے بدھ (6 مئی 2026) کے روز عرضی کو نمبر دے دیا ہے اور اسے جلد ہی مینٹین ایبلٹی (قابل سماعت ہونے) کے مسئلہ پر سماعت کے لیے فہرست بند کیا جا سکتا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ عرضی پہلے گزشتہ ماہ داخل کی گئی تھی، لیکن رجسٹری نے ابتدا میں اسے نمبر دینے سے انکار کر دیا تھا۔ اس کے بعد 8 اپریل کو چیف جسٹس سشروت اروند دھرمادھکاری اور جسٹس جی ارُل مُروگن کی بنچ نے رجسٹری کو ہدایت دی تھی کہ عرضی کو مینٹین ایبلٹی کے تابع نمبر دیا جائے۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ فلم ’پُلی‘ کی ریلیز کے بعد محکمۂ انکم ٹیکس نے 30 ستمبر 2015 کو وجئے سے وابستہ مقامات پر تلاشی اور ضبطی (سرچ اینڈ سیزر) کی کارروائی کی تھی۔ اس دوران مبینہ طور پر ایسے دستاویزات ملے تھے، جن میں بے حساب نقد لین دین کے اشارے ملے۔












