نئی دہلی، (یو این آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے آپریشن سندور کی پہلی برسی کے موقع پر اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کی ڈسپلے تصویر تبدیل کر کے آپریشن سندور کی تصویر لگا دی ہے اور فوجیوں کی بہادری و حب الوطنی کی ستائش کی ہے۔آپریشن سندور کی برسی پر ہندوستانی مسلح افواج کی جرأت اور دلیری کو سلام پیش کرتے ہوئے وزیراعظم مودی نے ایکس پر تحریر کیا، آپریشن سندور میں ہندوستان کو ملنے والی غیر معمولی فتح ہمارے بہادر فوجیوں کے حیرت انگیز کارناموں اور حب الوطنی کی ایک متاثر کن مثال ہے۔ ان کی ناقابلِ تسخیر ہمت، پختہ عزم اور فرض شناسی پر ہم سبھی کو فخر ہے۔”انہوں نے اس موقع پر مہابھارت کا ایک شلوک بھی پوسٹ کیا:”اُدیرن منسو یودھا واہنانی چ بھارت۔یسیاں بھونتی سینایاں دھروَم تسیاں جیم ودیت۔”اس شلوک کا مفہوم یہ ہے کہ اے بھرت ونشی (یودھشٹر)! جس فوج کے سپاہی اور سواری (گھوڑے، ہاتھی، رتھ وغیرہ) پرجوش اور بلند حوصلے والے ہوں، اس فوج کی فتح یقینی سمجھنی چاہیے۔ واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے جواب میں ہندوستانی فوج نے 07 مئی 2025 کو آپریشن سندور شروع کیا تھا اور پڑوسی ملک میں واقع دہشت گردوں کے کئی ٹھکانوں کو تباہ کر دیا تھا۔وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ آپریشن سندور دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے پختہ ردِعمل اور قومی سلامتی کے تئیں غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے آپریشن سندور کی پہلی برسی کے موقع پر جمعرات کو سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم ہماری افواج کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم مودی نے تحریر کیا، "ایک سال قبل ہماری مسلح افواج نے آپریشن سندور کے دوران بے مثال ہمت، درست حکمت عملی اور پختہ عزم کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے اُن عناصر کو منہ توڑ جواب دیا جنہوں نے پہلگام میں بے گناہ ہندوستانیوں پر حملہ کرنے کی جرأت کی تھی۔”وزیراعظم نے مزید کہا کہ آپریشن سندور نے دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے سخت موقف اور قومی سلامتی کے تحفظ کے تئیں ہمارے پختہ عزم کو ثابت کیا۔ اس مہم نے ہماری مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، تیاریوں اور مربوط طاقت کو بھی اجاگر کیا۔ ساتھ ہی، اس نے افواج کے درمیان بڑھتے ہوئے تال میل کو ظاہر کیا اور یہ واضح کیا کہ دفاعی شعبے میں ہندوستان کی خود انحصاری کی کوششوں نے ہماری قومی سلامتی کو کتنی مضبوطی فراہم کی ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آج ایک سال بعد بھی ہندوستان دہشت گردی کو شکست دینے اور اس کے معاون نظام کو تباہ کرنے کے اپنے ارادے پر پہلے کی طرح قائم ہے۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے آپریشن سندور کو ہندوستان کے غیر متزلزل ارادوں کی علامت قرار دیتے ہوئے اس میں شامل ہندوستانی فوج کے جوانوں کو سلام پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ دہشت گردوں کے لیے ایک سبق ہے کہ ہندوستان اب خاموش نہیں رہے گا۔بی جے پی نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سلسلہ وار پوسٹس کے ذریعے ہندوستانی فوج کے جانبازوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ بی جے پی نے ایکس پر لکھا، "وہ محض ایک آپریشن نہیں تھا، بلکہ ہندوستان کے غیر متزلزل ارادوں کا اعلان تھا۔ آپریشن سندور کی پہلی سالگرہ پر ان بہادروں کو سلام، جنہوں نے دشمن کو صرف جواب نہیں بلکہ ایک پیغام دیا اور اس پیغام کی گونج پوری دنیا نے سنی۔ جے ہند!”ایک اور پوسٹ میں بی جے پی نے کہا، "جیسا کہ ہم اس آپریشن میں اپنی مسلح افواج کی بہادری کا احترام کرتے ہیں، آئیے میڈ ان انڈیا جنگی ایکو سسٹم پر ایک نظر ڈالیں، جس نے میدانِ جنگ میں آتم نربھر بھارت کی طاقت کا مظاہرہ کیا۔”بی جے پی نے مزید کہا، "قیامت کی وہ رات… اور ترنگے کی وہ للکار! جس نے بھی ہماری سرحد کی طرف آنکھ اٹھانے کی جرات کی، اسے دھول چٹانا ہمیں بخوبی آتا ہے۔ سات مئی کی رات 22 منٹ میں نو دہشت گرد کیمپ راکھ، 100 سے زائد دہشت گرد ڈھیر! یہ صرف انتقام نہیں، بلکہ ایک سبق ہے کہ ہندوستان اب خاموش نہیں رہے گا۔”واضح رہے کہ جموں و کشمیر کے پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کے جواب میں ہندوستانی فوج نے 7 مئی 2025 کو آپریشن سندور شروع کیا تھا اور پاکستان میں واقع دہشت گردوں کے کئی ٹھکانوں کو تباہ کر دیا تھا۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے آپریشن سندور کو ہندوستانی فوج کی ہمت اور شجاعت کی علامت قرار دیتے ہوئے اس فوجی کارروائی کی پہلی سالگرہ پر مسلح افواج کے جوانوں اور افسران کو سلام پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ ہندوستان ان کی بہادری اور لگن کا ہمیشہ شکر گزار رہے گا۔مسٹر برلا نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ آپریشن سندور دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی جرات مندانہ اور فعال کارروائی کی علامت تھا۔ اس مہم کے ذریعے ہندوستان نے دنیا کو یہ واضح پیغام دیا کہ وہ دہشت گردی کی ہر شکل کے خلاف اور انسانیت کے حق میں مضبوطی سے کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے اس آپریشن نے ہندوستان کی فوجی طاقت کے ساتھ ساتھ مقامی ٹیکنالوجی اور دفاعی شعبے میں خود انحصاری کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کا بھی مظاہرہ کیا ہے۔مسٹر برلا نے کہا، "آج کے دن ہمارے تمام جانباز فوجی اہلکاروں کو سلام۔ ہندوستان آپ کا ہمیشہ ممنون رہے گا۔”












